متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ معیشت خراب حالت میں ملی تھی لیکن اسے درست کرنا حکمرانوں کی ذمے داری ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے یہ ملک بنایا تھا اور ہم اسے بچائیں گے۔ کراچی سمیت شہری علاقوں کے مسائل کواجاگرکیااورآئندہ بھی کریں گے۔ سندھ کے شہری علاقے انصاف کے متقاضی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت کے ساتھ جو وعدے کیے تھے وہ پورے کر دیے لیکن ہمارے مطالبات میں پیش رفت سست روی کا شکار ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اس میں شک نہیں کہ معیشت خراب حالت میں ملی لیکن معیشت کو ٹھیک کرنا حکمرنوں کی ذمے داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی قائد اعظم کا بنایا ہوا دارالخلافہ تھا جسے یہاں سے منتقل کیا گیا اورکراچی سے دارالخلافہ کولے جانا ملک کے نظریے پرحملہ ہے۔