جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف زرداری و دیگر ملزمان کی مشکلات میں میں اضافہ ہوگیا، مقدمے کا ایک اور ملزم سید حسین فیصل جاموٹ وعدہ معاف گواہ بن گیا۔
احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد اعظم خان نے میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی۔ فریال تالپور، عبد الغنی مجید سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے تاہم سابق صدر آصف علی زرداری اور انور مجید پیش نہ ہوئے۔
عدالت نے آصف زرداری کی ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظورکرتے ہوئے استفسار کیا کہ آج فرد جرم عائد کی جانی ہے، شریک ملزم انور مجید کہاں ہیں ؟ وکیل نے بتایا کہ انورمجید کراچی کے ہسپتال میں ہیں اوران کی میڈیکل رپورٹس موجود ہیں۔
نیب پراسیکیوٹرنے استدعا کی کہ ہم نے ریفرنس دائرکررکھا ہے، ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے۔ فاروق نائیک نے اعتراض کیا کہ عبوری ریفرنس پرفردِ جرم عائد نہیں کی جا سکتی۔
قومی احتساب بیورو کی جانب سے نئے وعدہ معاف گواہ سے متعلق رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرا دی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے میگا منی لانڈرنگ کیس کا ملزم سید حسین فیصل جاموٹ وعدہ معاف گواہ بن گیا ہے۔ اس پہلے اس مقدمے میں کرن امان، نورین سلطان، اسلم مسعود نیب کے گواہ بن چکے ہیں۔
احتساب عدالت نے سابق صدرآصف علی زرداری سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم کی کارروائی موخرکرتے ہوئے آئندہ سماعت پر نیب کوانورمجید کوایئرایمبولینس کے ذریعے عدالت لانے کی ہدایت کی اور کیس کی سماعت 11 فروری تک ملتوی کردی۔