ہمسایہ ملک چین اور بھارت کی مثال سامنے، چین نے 30سال میں لاکھوں لوگوں کو غربت سے نکالا، عمران خان، کامیاب پاکستان پروگرام کے اجلاس سے خطاب
ہمسایہ ملک چین اور بھارت کی مثال سامنے، چین نے 30سال میں لاکھوں لوگوں کو غربت سے نکالا، عمران خان، کامیاب پاکستان پروگرام کے اجلاس سے خطاب

’’پرانا پاکستان،نئے پاکستان سے بہترتھا”

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی تازہ رپورٹ کے مطابق کرپٹ ممالک کی درجہ بندی کے اعتبار سے 180 ممالک میں پاکستان 120 ویں نمبر پرآ گیا۔

اس حوالے سے اپنا ردعمل دیتے ہوئے صحافی بے نظیر شاہ نے اپنی رائے کا اظہارکرتے ہوئے کہا،” نیب کے چیئرمین جاوید اقبال نے باربار نیب کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نیب کی وجہ سے پاکستان کا درجہ کرپشن پرسپشن انڈیکس میں بہترہوگیا ہے لیکن آج تو پاکستان117 سے 120ویں نمبر پرآگیا۔”

بین الاقوامی تنظیم ‘ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل’ کی کرپشن پرسیپشن انڈیکس سامنے آنے کے بعد جلد ہی سوشل میڈیا پر’ کرپشن_کاشور۔مگرخودچور’ اور CorruptNiaziRegime ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرنے لگے۔

صحافی طلعت حسین نے اپنی ٹویٹ میں لکھا،” یہ 2018ء کے انتخابات کے تجربے کا انتہائی خوفناک نتیجہ ہے جس کے تحت ‘کرپٹ جماعتوں’ کو ہٹا کر’صاف و شفاف حکومت’ لائی گئی تھی۔

سافٹ ویئرانجینئر محمد عمران کا کہنا تھا،” ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل بتا رہی ہے کہ پرانا پاکستان، نئے پاکستان سے بہتر تھا۔”

اینکرپرسن غریدہ فاروقی کا کہنا تھا،” ٹرانسپیرنسی کی رپورٹ کے مطابق دس سال میں پہلی بار پاکستان میں کرپشن میں اضافہ ہوا۔ یہ عمران خان کے بیانیے کے لیے بڑا چیلنج ہے۔ ”

مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ آصف نے وزیراعظم عمران خان کو مافیا کے ایک گروہ کا پوسٹر بوائے قرار دے دیا۔ انہوں نے یہ بات صحافی حامد میرکے ایک ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے کہی۔

اینکرپرسن حامد میرنے اپنے پروگرام کے حوالے سے ٹوئٹر سوال پوچھا کہ’عمران خان جب اپوزیشن میں تھے تو ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا بہت حوالہ دیتے تھے اورکہتے تھے کہ میں 90 دن میں کرپشن ختم کر سکتا ہوں ان کی حکومت بننے کے ڈیڑھ سال کے بعد ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کہہ رہی ہے کہ پاکستان میں کرپشن بڑھ گئی کیا عمران خان کا بیانیہ ناکام ہو گیا؟‘

 عمران خان ایک پوسٹر بوائے ہے۔خواجہ آصف

حامد میر کے اس سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے ٹویٹ کیا کہ عمران خان کا کوئی بیانیہ نہیں تھا بلکہ مافیا کے ایک گروہ نے ملک کو لوٹنے کا منصوبہ بنایا اس کے لیے ایک پوسٹر بوائے چاہیے تھا جو ان کے منصوبے کا حصہ بن جائے ۔ ملک لٹ رھا ہے بچا کھچا لٹ جائے گا جیب کٹنے کی واردات کی ایف آئی آر ہوسکتی ہے، آٹے ، چینی کے ذریعے قوم کے کھربوں لٹ گئے پوچھتا کوئی نہیں۔

 

ہڑپشن کرپشن کی بھی ماں ہے۔سراج الحق
امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ سابق حکمران کرپشن کرتے تھے ، یہ ہڑپشن کر رہے ہیں ، ہڑپشن کرپشن کی بھی ماں ہے ،سپریم کورٹ آٹا اورچینی بحران پیدا کرکےاربوں لوٹنے والوں کےخلاف اَز خود نوٹس لے۔
انہوں نے کہاکہ کرپشن میں اضافے پر ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل کی رپورٹ” پڑھتا جا شرماتا جا “عالمی اداروں نے حکومتی دعوؤں کا پو ل کھول دیاہے،ملک میں کرپشن بڑھی او ر جمہوریت کم ہوئی ہے،پاکستان کرپشن میں تین درجے ترقی کر گیا،کرپشن کے خاتمے اور احتساب کے بلند و بانگ دعوے کرنے والے وزیراعظم کی آنکھیں کھولنے کے لیےعالمی اداروں کی رپورٹیں کافی ہیں۔
ان کا کہناتھا کہ حکومت کی اپنی صفوں میں کرپشن کے کنگز موجود ہیں، وزراایک دوسرے کو زیادہ کرپٹ ہونے کے طعنے د ے رہے ہیں،کرپشن سابقہ ادوار میں بھی ہوتی رہی مگر موجودہ حکومت نے تو ریکارڈ توڑ دیے۔
 پاکستان میں اس سال کرپشن میں اضافہ ہوا۔سعید غنی
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی وزیراطلاعات سعیدغنی کا کہنا تھا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ ڈیرھ سال میں ہمارا ملک معاشی اخلا قی طور پر پیچھے چلا گیا ہے،10سال بعدملک کاٹرانسپیرنسی انڈیکس تنرلی کا شکار ہوا۔
انہوں نے کہاکہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ اس بات کا ثبوت ہےکہ پاکستان میں اس سال کرپشن میں اضافہ ہوا ہے،مہنگائی اور  بے روزگاری نے گذشتہ ایک سال میں غریب کی کمرتوڑدی ہے،ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل اس رپورٹ نے عمران خان کے دعووں کو بے نقاب کردیا ہے۔