لاہور میں ضلعی انتظامیہ نے صدرمملکت عارف علوی کو بھی ”ماموں“بنا دیا‘ صدر مملکت کو ”سب اچھا“کی رپورٹ دینے کیلیے سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں کو یوٹیلیٹی اسٹورپرسامان سے بھری ٹرالیاں پکڑا دیں۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے مزنگ اڈہ کے علاقے میں واقع یوٹیلیٹی اسٹورکے دورے پرلاہور پولیس نے اپنے ہی سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں کو گاہک بناکر سامان سے بھری ہوئی ٹرالیاں پکڑا دیں۔
صدر مملکت سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں کو عام گاہک سمجھ کر اشیائے ضروریہ کا معیار اور قیمتوں سے متعلق استفسارکرتے رہے، گاہک بنے اہلکار صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کو سب اچھا کی رپورٹ دیتے رہے۔
صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کے یوٹیلیٹی اسٹورمزنگ سے واپس جاتے ہی سادہ کپڑوں میں ملبوس گاہک بنے پولیس اہلکار سامان سے بھری ٹرالیاں وہیں چھوڑ کر چلے گئے اس معاملے پر یوٹیلیٹی اسٹورز انتظامیہ نے موقف دینے سے انکار کردیا۔