وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے درمیان ملاقات میں آئی جی پولیس کی تبدیلی پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔
وزیراعظم عمران ایک روزہ دورے پرکراچی آئے ہیں جہاں وہ کئی اہم تقاریب میں شرکت کے علاوہ دیگر معاملات پر بھی مشاورت کریں گے۔
گورنر ہاؤس کراچی میں وزیر اعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ملاقات کی، اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی موجود تھے۔
وزیراعلیٰ نے صوبے میں امن و امان کی صورت حال پر تفصیلی بات کی اورآئی جی کلیم امام سے متعلق سندھ کابینہ کے فیصلوں اور تحفظات سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا، گورنرعمران اسماعیل نے بھی آئی جی سندھ کو تبدیل کرنے کے مطالبے کی حمایت کی۔
ملاقات میں وزیراعظم نے سندھ میں آئی جی پولیس تبدیل کرنے پراتفاق کیا اور فیصلہ کیا گیا کہ آئی جی سندھ کے لیے زیرغور افسران میں کسی ایک کو تعینات کردیا جائے گا۔
ایم کیوکو ایم نظر انداز کر دیاگیا
وزیراعظم گورنر ہاؤس کراچی میں پیرپگارا سے ملاقات کریں گے جب کہ ان کی متحدہ قومی موومنٹ کی قیادت سے ملاقات طے نہیں، اس کی تصدیق ایم کیو ایم کی جانب سے بھی کردی گئی ہے۔
ایم کیوایم ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کی خواہش ہے کہ وزیراعظم بہادرآباد آئیں اورایم کیوایم قیادت نے اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں بھی اس خواہش کا اظہارکیا تھا۔
ایم کیوایم پاکستان کے معاملات وزیراعظم کی کمیٹی دیکھ رہی ہے۔ جلد ہی معاملات طے ہونے کے بعد ایم کیوایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی اسلام آباد میں ہی وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔