لاہورکے علاقے فیروزوالا کے علاقے میں فیکٹری میں آگ لگنے سے 12 افراد جھلس کر جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
لاہور کے علاقے فیروزوالا میں امامیہ کالونی کے قریب نجی ڈائننگ فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی جس سے دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری کواپنی لپیٹ میں لےلیا۔ آگ لگنے سے خواتین اور بچوں سمیت 12 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
کئی زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔جاں بحق ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد شامل ہیں جن میں 2 بچے، 2 خواتین اور ایک مرد ہیں۔
آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ فیکٹری کے اندرایک عمارت زمیں بوس ہو گئی جبکہ ایک ملحقہ مکان کی چھت اور دیواریں گرگئیں اور دیگر گھروں میں بھی دراڑیں پڑگئیں۔ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر تمام ملحقہ گھروں کو مکینوں سے خالی کرالیا گیا۔
لاہور کے علاقے شاہدرہ کی امامیہ کالونی میں فیکٹری میں آگ لگنے سے آٹھ افراد جاں بحق pic.twitter.com/IiIQZFs9Ru
— aamir shaikh (@aamirsh99212993) January 28, 2020
فیکٹری کی بالائی منزل پر مزدوروں کی رہائش بھی تھی۔ آگ کی شدت زیادہ ہونے کی وجہ سے امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور کئی گھنٹے کی محنت کے بعد آگ پر قابو پاگیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق فیکٹری میں سلنڈردھماکے سے آگ لگی۔