سپریم کورٹ میں پیشی اورچیف جسٹس کے سخت ریمارکس کے بعد شیخ رشید نے سانحہ تیزگام پرایک اعلی افسر کو قربانی کا بکرادیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزارت ریلوے نے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ اورگریڈ 19کے افسرجمشید عالم کو معطل کردیا۔ وزارت ریلوے نے جمشید عالم کی معطلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جمشید عالم کو سانحہ تیز گام آتشزدگی واقعے میں غفلت برتنے پرمعطل کیا گیا۔ سپریم کورٹ نے آج سانحہ تیزگام واقعہ پرغفلت کے مرتکب اعلی افسران کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا۔
چیف جسٹس گلزاراحمد کی سربراہی میں بنچ نے کیس کی سماعت کی،چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ منسٹر صاحب بتائیں آپ کیا کررہے ہیں ،آپ کا ساراکچاچٹھاہمارے سامنے ہے،چیف جسٹس پاکستان نے وزیر ریلوے شیخ رشید کی سرزنش کردی۔چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ایسے ریلوے کی ہمیں ضرورت نہیں ،بند کردیں،اس انتظامیہ سے ریلوے نہیں چلنے والی ۔
چیف جسٹس گلزاراحمد نے استفسار کیا کہ ٹرین میں آگ لگنے سے 70 بندے جل گئے آپ نے کیاکارروائی کی ؟وفاقی وزیرنے کہا کہ 29 ذمے داروں کو ریلوے سے نکال دیا گیا،چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا کہ 29 چھوٹے افسران ہوں گے بڑے لوگوں کی باری کب آئے گی؟۔
شیخ رشید نے کہا کہ بڑے لوگوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی،چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ آپ بھی تو بڑے ہیں آپ کو بھی تو استعفیٰ دے دینا چاہیے تھا۔
واضح رہے کہ 31 اکتوبر کو کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیزگام ایکسپریس کی تین بوگیوں میں ضلع رحیم یار خان کی تحصیل لیاقت پورکے قریب مبینہ طور پر گیس سیلنڈر پھٹنے سے آگ لگ گئی تھی جس کے نتیجے میں 75 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔