گورنراسٹیٹ بینک رضا باقر کا کہنا ہے کہ رواں سال ملک میں مہنگائی کی شرح 11 سے 12 فیصد رہے گی۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران گورنراسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا کہ ملکی معیشت کو پیش نظر رکھتے ہوئے شرح سود کو 13.25 فیصد برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ معاشی حالات اورافراط زر کی شرح کو دیکھتے ہوئے موجودہ شرح سود کو ٹھیک کہا جاسکتا ہے۔
گورنراسٹیٹ بینک نے کہا کہ جولائی سے اب تک مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہوا ہے، رواں سال ملک میں مہنگائی کی شرح 11 سے 12 فیصد رہے گی، مہنگائی آہستہ آہستہ کم ہونا شروع ہوجائے گی، سپلائی بہتر ہونے سے مہنگائی کی شرح میں کمی آنے کی توقع ہے۔
انہوں نے کہاکہ رواں سال زرعی پیداوار ہدف سے کم ہونے کا خدشہ ہے لیکن اس کے مقابلے میں دیگر شعبوں میں پیداوار بڑھ رہی ہے، ٹیکسٹائل سیکٹر کی جانب سے اچھے اشاریے سامنے آرہے ہیں جب کہ سیمنٹ کی پروڈکشن بھی بڑھ رہی ہے۔