وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ آصف زرداری نے سیکیورٹی کے نام پر163 ارب روپے خرچ کیے، جاتی امرا کی سیکیورٹی پر 214 کروڑ 13 لاکھ روپے خرچ ہوئے، ایک ماہ میں سارا پیسہ ان سے ریکورکریں گے۔
فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ سابق صدراور وزیراعظم نے بہت زیادہ اخراجات کیے، پاکستان کو شاہ خرچیاں کرنے والے حکمرانوں نے لوٹا، قوم کے ٹیکس کے پیسوں پر شاہانہ اخراجات کیے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ یوسف رضا گیلانی نے 5 کیمپ آفس بنا رکھے تھے، آصف زرداری نے 3 کیمپ آفس بنا رکھے تھے، انہوں نے سیکیورٹی کے نام پر 163 ارب روپے سے زائد خرچ کیے،شہباز شریف نے 5 کیمپ آفس بنائے ہوئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ جاتی امرا کی سیکیورٹی پر 214 کروڑ 13 لاکھ روپے خرچ کیے گئے، جاتی امرا کی دیوار پر 27 کروڑ روپے خرچ ہوئے، شریف خاندان کی سیکیورٹی پر 2 ہزار 753 اہلکار مامور تھے، بیرون ملک علاج کیلیے نواز شریف خصوصی طیارے پر گئے،ان کے بیرون ملک علاج کے ایک دورے پر 24 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔ نواز شریف نے لندن کے 55 نجی دورے کیے، مئی 2016 میں نواز شریف کے علاج پر 34 کروڑ خرچ آیا۔
مراد سعید کے مطابق نواز شریف کے جہاز کو 556 بار شہباز شریف نے استعمال کیا ، گزشتہ 10 سال میں 24 ہزارارب قرضہ لیا گیا، سابق حکومت تمام ادارے خسارے میں چھوڑ کرگئی،ایک ماہ میں سارا پیسہ ان سے ریکور کریں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے وزیر اعظم ہائوس میں نہ رہنے کا اعلان کیا وہ اپنے ذاتی گھر بنی گالا میں رہتے ہیں، عمران خان نے بنی گالا کی سڑک اپنی جیب سے بنائی، وزیر اعظم عمران خان قوم کے ٹیکس کا پیسہ بچا رہے ہیں۔