ترک صدرطیب اردوان13اور14فروری کوپاکستان کادورہ کریں گے، دورے میں ترک صدر پاکستانی سیاسی وعسکری قیادت سےاہم ملاقاتیں کریں گے جبکہ وزیراعظم عمران خان اور ترک صدر رجب طیب اردوان اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان کا ابتدائی شیڈول تیارکرلیا گیا ، جس کے مطابق ترک صدر کا 13اور14 فروری کو دورہ پاکستان کا قوی امکان ہے ، وہ کاروباری شخصیات سمیت اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ اسلام آبادپہنچیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ترک صدر پاکستانی سیاسی وعسکری قیادت سےاہم ملاقاتیں کریں گے جبکہ صدر،وزیراعظم، ترک صدراور مہمانوں کے اعزازمیں ضیافتوں کا اہتمام کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پاک، ترک اعلیٰ سطح تذویراتی تعاون کونسل کا اجلاس منعقد ہو گا، وزیراعظم عمران خان اور ترک صدر رجب طیب اردوان اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے، متعدد معاہدے، تعاون کی یادداشتوں پر دستخط اور کئی منصوبے شروع ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ترک صدر کے دورے کے دوران تذویراتی اقتصادی فریم ورک، باہمی تعاون کے تحت معاہدات کا امکان ہے جبکہ سرمایہ کاری، تجارت، دفاعی پیداوار،بینکنگ، مالیات میں تعاون بڑھایا جائے گا۔
خیال رہے ترک صدر رجب طیب اردوان کا دورہ پاکستان قبل ازیں 3 بار معطل ہوا، وزیراعظم نے جنوری 2019میں ترک صدرکو دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی۔