پاکستان اور چین کے درمیان معطل فضائی آپریشن آج سے بحال ہوگیا ہے اورپہلی پروازاسلام آباد ایئرپورٹ پرلینڈکرگئی۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی ڈویژن کے مطابق حکومت نے چین کے لیے معطل کی گئی پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے اورآج صبح 9 بجے سے پاکستان اور چین کے درمیان براہ راست فضائی آپریشن شروع ہوگیا ہے۔
چین سے 3 پروازوں کے ذریعے 40 طلبا سمیت 183 مسافر اسلام آباد پہنچ گئے، جس میں 172 پاکستانی اور11 چینی باشندے شامل تھے۔
ائیر پورٹ حکام کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کرونا وائرس کے باعث 29 جنوری کو چین اور پاکستان کے درمیان فضائی آپریشن معطل کیا تھا جو اب بحال کر دیا گیا ہے۔ ارمچی سے پہلی براہ راست پرواز61 پاکستانیوں کو لے کراسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچی جس میں 11 چینی اور 50 پاکستانی مسافر سوار تھے۔
دوسری غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کیو آر 632 سے 40 طلبا براستہ دوحہ اسلام آباد پہنچے۔ ائیرپورٹ پر وزارت صحت نے چین سے آنے والوں کے لیے خصوصی ڈیسک بنائے جہاں ان کا میڈیکل چیک اپ اور سکریننگ کی گئی، میڈیکل چیک اپ کے بعد تمام طلبا کو گھر جانے کی اجازت دے دی گئی، کسی میں کرونا وائرس نہیں ملا۔
تیسری پرواز سی زیڈ 5241 ارمچی سے براہ راست 82 مسافروں کو لیکر اسلام آباد پہنچی۔ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفرمرزا نے بھی اسلام ایئرپورٹ کا دورہ کیا اور مسافروں کی اسکریننگ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے حکومت پاکستان ہر ممکنہ ہنگامی صورتحال کیلئے تیار ہے، قومی ادارہ صحت میں ممکنہ کروناوائرس کیسز کی تشخیص کی سہولت موجود ہے۔
ائیرپورٹ پر وزارت صحت نے چین سے آنے والے مسافروں کے لیے خصوصی ڈیسک بنائے اور ان کا میڈیکل چیک اپ اسکینگ کی گئی، میڈیکل چیک اپ کے بعد تمام مسافروں کو گھر جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق کسی مسافر میں کرونا وائرس نہیں ملا۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث 29 جنوری سے2 فروری تک چین کے لیے براہ راست فضائی آپریشن عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا۔ چین میں کرونا وائرس سے اب تک 454 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور17 ہزار سے زائد متاثر ہیں۔