الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کی نا اہلی کیلئے درخواست پر حتمی فیصلے تک وفاقی وزیرکی رکنیت معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔
چیف الیکشن کمشنر جلال سکندر سلطان کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے فیصل واوڈا کیخلاف درخواستوں کی سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے فیصل واوڈا کے امریکی اور پاکستانی پاسپورٹس کی نقول اورامریکی قونصلیٹ سرٹیفکیٹ کی نقل پیش کی گئی۔
چیف الیکشن کمشنرنے کہا کہ کیا آپ نقول اوراخباری تراشوں پرانحصار کرینگے یا تصدیق شدہ نقل بھی فراہم کرینگے، درخواست گزارنے کہا کہ آئندہ سماعت پر تصدیق شدہ نقول فراہم کر دینگے۔
درخواست گزار کے وکیل نے فیصلہ آنے تک فیصل واوڈا کی رکنیت معطلی کی استدعا کی جس پر ممبر الیکشن کمیشن الطاف ابراہیم قریشی نے کہا کہ ایسی پہلے کوئی مثال موجود نہیں، فیصل واوڈا کو بھی سنا جائے گا۔
ممبر ارشاد قیصرکا کہنا تھا کہ کاغذات نامزدگی میں غلط بیانی کرنے پرآرٹیکل 62 کا اطلاق ہوتا ہے، دیکھنا ہوگا امریکی شہریت چھوڑی کب گئی؟الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 27 فروری تک ملتوی کردی۔