کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گیس کی قیمتوں میں اضافہ کی سمری پھرموخرکردی۔
مشیرخزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں آئی ایم ایف کی شرط پوری کرنے کیلئے گیس کی قیمتوں میں 5 فیصد سے 15 فیصد تک اضافے کا جائزہ لیا گیا تاہم ای سی سی نے گیس کی قیمتوں میں اضافہ کی سمری پھرموخرکردی۔
حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ گیس کی قیمتوں میں اضافہ پراتفاق کررکھا ہے۔ یہ اضافہ یکم جنوری سے ہونا تھا لیکن سیاسی و عوامی ردعمل کے باعث تیسری مرتبہ ای سی سی کے اجلاس میں سمری پیش ہونے کے باوجود اضافہ موخرکردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں 245 فیصد تک اضافے کی تجویزدی تھی جسے مسترد کرتے ہوئے پٹرولیم ڈویژن نے 15 فیصد تک اضافہ کی سفارش کی تھی۔
حفیظ شیخ نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے کا متبادل بھی دیا جائے۔دوسری جانب اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت اطلاعات میں ڈیجیٹل میڈیا ونگ کے قیام کی منظوری دے دی اور وزارت اطلاعات کو اپنے وسائل سے ڈیجیٹل میڈیا ونگ بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔