ق لیگ کی جانب سے تحریک انصاف حکومت کے خلاف کھل کر مخالفت سامنے آگئی۔
پاکستان مسلم لیگ ق کے سینئر رہنما طارق بشیر چیمہ کہتے ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف بڑی جماعت ہے ان کے سوچنے کا اندازالگ ہے،وہ اپنے غلط فیصلوں کی سزاپائیں ہم کیوں ان کے غلط فیصلوں کی بھینٹ چڑھیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ ڈیڑھ سال انتظارکیا کہ معاملات بہتر ہوں لیکن نہیں ہوئے۔یہی جرم سرزد ہوا کہ اتحادی ہونے کے ناطے عوام کے حقوق کی بات کی کیونکہ ہم نے عوام میں بھی جانا ہے۔
طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ پرویز الٰہی کے بدترین مخالف بھی ان کی تعریف کرتے ہیں،حمزہ شہباز نے بھی فلور پر ان کی تعریف کی،شہبازشریف نے 1122کی طرح بے تحاشا پراجیکٹ شروع کیے۔سیاسی آدمی کی مزدوری یہی ہوتی ہے کہ اس کے کاموں کی تعریف کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ساری زندگی سے پارلیمنٹ کا حصہ ہیں، ایک دوسرے سے ملتے رہے ہیں۔بیوروکریسی گورنر پنجاب کی کالز کا جواب تک نہیں دیتی،جوبیوروکریسی بات نہیں سنتی اس نے مسائل کیا حل کرنے ہیں؟.
انہوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت مہنگائی کنٹرول کرسکتی ہے لیکن کر کیوں نہیں رہی؟ہم مہنگائی کم کرنے کا مشورہ دیتے ہیں تو انہیں برا لگتا ہے۔
طارق چیمہ نے مزید کہا کہ ہم ایک ہی کشتی کے سوار ہیں اورکشتی ڈوبی تو ان کی وجہ سے ہی ڈوبے گی، کنارے لگی تو دونوں کی کشتی پار لگے گی۔