ناراض اتحادیوں سے معاملات طے کرنے اوردیگرامورپرتبادلہ خیال کرنے کیلیے وزیراعظم عمران خان نے جہانگیرترین کو آج ملاقات کے لیے بنی گالا بلا لیا۔
نجی ٹی وی کے ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں سابقہ کمیٹی کی بحالی یا جہانگیر ترین کو موجودہ کمیٹی میں شامل کرنے کے حوالے سے دونوں رہنمائوں کے مابین تبادلہ خیال ہو گا۔ جہانگیر ترین نے گزشتہ روز بھی تحریک انصاف کے پارلیمنٹیرینز سے ملاقاتیں کیں اورانہیں اہداف دیے۔
واضح رہے کہ ق لیگ حکومت کی جانب سے جہانگیرترین کی سربراہی میں بننے والی مذاکراتی کمیٹی تحلیل کرنے کے بعد حکومت سے شدید نالاں ہے، ق لیگ کا موقف ہے کہ پہلی کمیٹی کیساتھ مذاکرات کے متعدد ادوار مکمل ہو چکے تھے اورکافی حد تک معاملات بھی طے ہوگئے تھے، نئی کمیٹی کیساتھ نئے سرے سے مذاکرات کا سلسلہ شروع نہیں کرسکتے۔
اس صورتحال میں اپوزیشن نے بھی حکومت کو ٹف ٹائم دینا شروع کردیا ہے اور پنجاب میں تحریک انصاف کے اپنے صوبائی ممبران بھی حکومت سے ناراضگی کا اظہارکر رہے ہیں، ملاقات میں ان امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔