وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت منگل کو کابینہ کے اجلاس میں عوام کیلیے بنیادی غذائی اجناس کی قیمتوں میں کمی کی خاطر مختلف اقدامات کا اعلان کرے گی۔
وزیراعظم نے کہاکہ چینی اورآٹے کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق تحقیقات کا آغازکردیا، قوم اطمینان رکھے ذمے داروں کا محاسبہ کرکے قرار واقعی سزا دی جائے گی۔
وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ تنخواہ دار طبقے سمیت مجموعی طورپرعوام کو مشکلات کا سامنا ہے اس کا بخوبی ادراک ہے۔ عوام اطمینان رکھیں آٹا چینی مہنگا کرنے والوں کا بھرپور محاسبہ کیا جائے گا، تحقیقات کا آغاز کیا جا چکا۔
مجھے ان مشکلات کا ادراک ہے جن کا تنخواہ دار طبقے سمیت مجموعی طور پر عوام کو سامنا ہے چنانچہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ کچھ بھی ہوجائے، میری حکومت منگل کو کابینہ کے اجلاس میں عوام کیلئے بنیادی غذائی اجناس کی قیمتوں میں کمی کی خاطر مختلف اقدامات کا اعلان کرے گی۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) February 9, 2020
انہوں نے مزید کہا کہ قیمتیں کنٹرول کرنے کیلیےاقدامات کر رہے ہیں، منگل کو ہونے والے کابینہ اجلاس میں غذائی اجناس کی قیمتوں میں کمی کیلیے اقدامات کا اعلان کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں کھانے پینے کی اشیا کی سستے نرخوں فراہمی پرغوراورعوامی ریلیف کے حوالے سے آٹا، گھی، چینی، چاول اور دالوں کی قیمتیں کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
وزیراعظم نے دوران اجلاس کہا تھا کہ عام آدمی کے کچن میں بنیادی اشیا ہرحال میں پہنچائیں، جن گھرانوں میں خریدنے کی سکت نہیں، انہیں حکومت راشن دے گی، احساس پروگرام کے تحت انتہائی غریب افراد کو راشن دیں، اگرغریب کا احساس نہیں کر سکتے توحکومت میں رہنے کاحق نہیں، ہم غریب کی بہتری کے لiے ہی حکومت میں آئے ہیں۔