دولہے کو بعد میں زخمی حالت میں تیموریہ تھانے منتقل کردیا گیا۔فائل فوٹو
دولہے کو بعد میں زخمی حالت میں تیموریہ تھانے منتقل کردیا گیا۔فائل فوٹو

شہری کو تیسری شادی مہنگی پڑگئی

کراچی میں شہری کو تیسری شادی کرنا مہنگا پڑگیا اور پہلی بیوی اور اس کے اہلخانہ نے دلہا کی درگت بنا ڈالی جس کے بعد اسے زخمی حالت میں تیموریہ تھانے منتقل کردیا گیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق کراچی کے نارتھ ناظم آبادبلاک ایل میں شادی ہال میں آصف رفیق نامی شخص کے ولیمے کی تقریب جاری تھی کہ اچانک اس کی پہلی بیوی مدیحہ اور سسرالی رشتے داروں نے ہال پر دھاوا بول دیا۔

پہلی بیوی نے کہا کہ آصف اوراس کے گھر والوں نے جھوٹ بولا کہ وہ حیدرآباد جارہا ہے اور یہاں وہ شادی رچا تھا، آصف نے پہلے سے دو شادیاں کی ہوئی تھیں جنہیں وہ بتائے بغیر چھپ کر تیسری شادی کر رہا تھا۔

پہلی بیوی اوراس کے اہل خانہ نے ہال میں مہمانوں کے سامنے آصف کی پھینٹی لگادی اورکپڑے پھاڑ دیے۔ دلہا کے کپڑے تارتارہو گئے جس پراس نے ٹیبل کے کورسے اپنے جسم کو ڈھانپا۔

مدیحہ نے بتایا کہ آصف رفیق سے اس کی 2014 میں شادی ہوئی تھی جس سے اس کا ایک بیٹا بھی ہے، اس نے مجھ سے جھوٹ بول کر جناح یونیورسٹی کی ملازم لڑکی سے دوسری شادی کی، جب مجھے اس شادی کے بارے میں معلوم ہوا تو اس نے مجھ سے معافی مانگی اورکہا کہ میں تمھارے ساتھ ہی رہوں گا جس پر میں نے اسے معاف کر دیا لیکن اب اس نے کچھ دوبارہ جھوٹ بول کر تیسری شادی بھی کرلی۔

پولیس ہنگامہ آرائی کی اطلاع ملنے پرشادی ہال پہنچی جہاں اس نے دلہا کو سسرالی رشتے داروں کے تشدد سے بچایا اور تھانے منتقل کردیا۔ دلہا تھانے سے نکل کر بھاگ نکلا تو سسرالی اہل خانہ نے اس کا تعاقب کیا تو وہ جان بچانے لیے ایک کوسٹرکے نیچے چھپ گیا تاہم شہریوں نے اسے پکڑلیا اورایک مرتبہ پھر تشدد کا نشانہ بنایا تاہم وہاں موجود شہریوں نے اس کی جان بچائی۔

آصف رفیق سرکاری یونیورسٹی کا ملازم ہے اوراس کا کہنا ہے کہ وہ کوئی غیر قانونی کام نہیں کر رہا، کیونکہ پہلی بیوی مدیحہ کو وہ طلاق دے چکا ہے۔