پیپلز پارٹی کی رکن سندھ اسمبلی شہنازانصاری قاتلانہ حملے میں جان کی بازی ہارگئیں ۔
پولیس کے مطابق پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والی رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری پر نوشہرو فیروز کے قریب گاﺅں چاناری میں فائرنگ کی گئی جس میں وہ شدید زخمی ہوگئیں۔
خاتون رکن اسمبلی کو فوری طورپرشدید زخمی حالت میں نواب شاہ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئیں۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ زمین کے تنازع پر پیش آیا،انہیں 3 گولیاں لگیں جس کے باعث وہ جانبر نہ ہوسکیں۔
مقتول رکن سندھ اسمبلی کے بھائی کا کہنا ہے کہ شہنازانصاری اپنے بہنوئی کے چہلم پرآئی ہوئی تھیں، مخالفین نے انہیں دھمکیاں دی تھیں اورچہلم میں شریک ہونے سے روکا تھا لیکن وہ رسم چہلم میں شریک ہوئیں۔ جب چہلم کے پروگرام کا اختتام ہوا تو ملزمان نے سیدھی فائرنگ کرکے خاتون کو قتل کردیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق شہناز انصاری کا اپنے بہنوئی کے بھتیجوں کے ساتھ زمین کا تنازع چل رہا تھا، انہوں نے خاتون کو پہلے بھی قتل کی دھمکیاں دی تھیں، جس کے حوالے سے پولیس کو بھی آگاہ کردیا گیا تھا لیکن انہیں کوئی سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی ۔
رسم چہلم کے پروگرام میں شہنازانصاری کرسی پر بیٹھی ہوئی تھیں، پروگرام کے اختتام پران کے بہنوئی کے بھتیجوں نے فائرنگ کرکے انہیں قتل کیا اورموقع سے فرارہوگئے۔