اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کا احترام ہونا چاہیے۔ مسئلہ کشمیرکے حل کیلیے پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کا حامی ہوں۔
سلام آباد میں موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے تقریب میں نشست کے دوران سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن اور اس صورتحال میں اقوام متحدہ کے کردار کے بارے میں سوال کیا گیا تو اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ یہ واضح طور پر کہتے ہیں کہ یہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کا مکمل احترام کیا جائے۔
سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کا حامی ہوں۔ دونوں ملکوں کے درمیان اس مسئلہ کے حل کیلئے مذاکرات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمشنر نے دو رپورٹس کا اجرا کیا ہے جو کہ اقوام متحدہ کی طرف سے کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے ٹھوس کردار ہے۔
انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ ہمارا یہ عزم ہے کہ ناصرف مقبوضہ کشمیر بلکہ دنیا بھر میں انسانی حقوق کا احترام کیا جانا چاہیے۔
اس سے قبل انتونیو گوتریس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونیوالا دنیا کا بڑا ملک ہے، ہمارا مشترکہ وژن موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنا اور پائیدار ترقی ہے۔ پائیدار ترقی کے اہداف انسانی ترقی کیلئے ضروری ہیں۔
سیکریٹری جنرل نے کہا کہ تعلیم، معیشت اور برابری ترقی کیلئے اہم ہیں۔ پائیدار ترقیاتی اہداف کا حصول تمام ممالک اور اقوام کیلئے ضروری ہے۔ پاکستان پائیدار ترقیاتی اہداف کیلئے کاوشیں کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غربت کا خاتمہ پاکستان کی پالیسی کا بنیادی حصہ ہے، کامیاب جوان پروگرام ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگار دینے کا منصوبہ ہے۔ پاکستان میں سب کیلئے صحت کی سہولیات کی فراہمی کے وژن سے متاثر ہیں۔
سیکریٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان کو صحت سمیت مختلف شعبوں میں چیلنجز درپیش ہیں۔ پائیدار ترقیاتی اہداف کیلیے کاوشیں اور کام کی رفتار کو تیز کرنا ہو گا، ترقی کے حصول میں دنیا کو بہت سی رکاوٹوں کا سامنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کا اثر دنیا کیلیے خطرہ ہے۔ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں سے خطرات درپیش ہیں۔ سیلاب اور قدرتی آفات سے پاکستان بہت متاثر ہوا ہے۔ پاکستان میں 80 فیصد پانی زراعت کیلئے استعمال ہوتا ہے۔ پاکستان میں ترقیاتی اہداف کو موسمیاتی تبدیلیوں سے خطرات لاحق ہیں۔
یو این سیکریٹری جنرل نے کہا کہ عالمی قائدین موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے کام کر رہے ہیں۔ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلیے عالمی کانفرنس کا انعقاد برطانیہ میں ہونے جا رہا ہے۔ کلین اینڈ گرین پاکستان منصوبہ قابل تعریف ہے، مقامی سطح پر اٹھائے گئے اقدامات موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلیے مددگار ثابت ہونگے۔
قبل ازیں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوئترس نے کہاہے کہ پاکستانی قوم نے افغان مہاجرین کو چھت ہی نہیں،بہترین میزبانی اورآسائش فراہم کی،پاکستان اس وقت بھی 27 لاکھافغان مہاجرین کی میزبانی کررہا ہے،پاکستان نے اقوام متحدہ چارٹرکے تحت افغان مہاجرین کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیے،دنیا 40 سال تک پاکستانی قوم کی لازوال قربانیوں کا ادراک کرے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ وہ افغان پناہ گزینوں کی میزبانی پرپاکستان کے شکرگزار ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے اسلام آباد میں مہاجرین کے وفد نے ملاقات کی ، وفد میں افغانستان، تاجکستان اوریمن کے مہاجرین شامل تھے۔
سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ پاکستان میں مہاجرین کو تعلیم، کاروباراورہنرمند تربیت کے لاتعداد مواقع فراہم کیے گئے ،پاکسان ترکی کے بعدمہاجرین کی میزبانی کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغان جنگ کے دوران 45 لاکھ افغان مہاجرین پاکستان آئے،پاکستانی قوم نے افغان مہاجرین کو چھت ہی نہیں بہترین میزبانی اورآسائش فراہم کی۔
سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ افغان مہاجرین کی طویل عرصہ میزبانی پرپاکستان کے شکرگزار ہیں ،پاکستان کی فراخ دلی پر شکریہ اداکرنے آیاہوں۔
مہاجرین کے نمائندوں نے دوران گفتگو انتونیو گوتریس کو پاکستان میں تعلیم، کاروبار،اورہنر سے متعلق تجربات سے آگاہ کیا۔ پناہ گزینوں نے سیکریٹری جنرل کو اپنے ممالک میں ظلم و ستم اورتشدد کی روداد بھی سنائیں۔
Pakistan is one of the most consistent and reliable contributors to @unpeacekeeping efforts around the world.
I am travelling to Pakistan, where I plan to express my gratitude to the people #ServingForPeace. pic.twitter.com/81PuuIZ9kw
— António Guterres (@antonioguterres) February 15, 2020
واضح رہے کہ انتونیوگوتریس 4 روزہ دورے پر پاکستان ٗآئیں ہیں، وہ صدرمملکت اور وزیراعظم سے ملاقات کریں گے، پاکستانی قیادت انتونیوگوتریس کو مقبوضہ کشمیرکی صورتحال سے آگاہ کرے گی۔
اس کےعلاوہ انتونیوگوتریس افغان مہاجرین سے متعلق عالمی کانفرنس میں شرکت کریں گے جب کہ یو این سیکریٹری جنرل گوردوارہ کرتارپور کا دورہ بھی کریں گے۔