کوئٹہ کےعلاقے شاہراہ اقبال پربم دھماکےکے نتیجے میں8 افرادجاں بحق،20 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دھماکا اس قدرشدید تھا کہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اورمتعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کوئٹہ میں شاہراہ اقبال پرپریس کلب کے قریب دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں8 افرادجاں بحق،20 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے،انتظامیہ کے مطابق دھماکے کے بعد سول اسپتال کوئٹہ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والوں میں سے بیشترکی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے دھماکے کی جگہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیے ہیں،دھماکے کے وقت ایک سیاسی جماعت کے کارکن احتجاج کررہے تھے ۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 10 جنوری کو بھی کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن کی مسجد میں ہونے والے دھماکے میں ڈی ایس پی امان اللہ سمیت 15 افراد شہید اور19زخمی ہوگئے تھے۔
اس سے قبل 7 جنوری کو بھی کوئٹہ کے میکانگی روڈ پر فرنٹیئر کور (ایف سی) کی گاڑی کے قریب دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔