لاہور ہائی کورٹ نے ڈرامہ سیریل ”عہد وفا“ پر پابندی کی درخواست مسترد کردی ۔
نجی ٹی وی کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں ڈرامہ سیریل ”عہد وفا“ پر پابندی کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے ڈرامے پر پابندی کے لیے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی۔
جسٹس شاہد وحید نے دوران سماعت کہا کہ درخواست گزار پہلے پیمرا سے رجوع کرے، شنوائی نہ ہونے پر عدالت سے رجوع کر سکتا ہے۔
واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ میں ڈرامہ سیریل ”عہد وفا“ پر پابندی عائد کرنے کے لیے درخواست دائر کی گئی تھی جس میں موقف اختیارکیا گیا تھا کہ ڈرامے میں ملک کے سیاستدانوں اور میڈیا کی کردارکشی کی جا رہی ہے، اس سے بیرونی دنیا میں پاکستان کا مجموعی طورپرمنفی تاثر پیدا ہورہا ہے۔اس لیے عدالت ”عہد وفا“ نشرکیے جانے پر پابندی عائد کرے۔
آئی ایس پی آرکے تعاون اور سیفی حسن کی ہدایت کاری میں بننے والا ڈرامہ سیریل ”عہدِ وفا“ 4 دوستوں کی کہانی ہے، جس میں احد رضا میر،احمد علی اکبر،اسامہ خالد بٹ اور وہاج علی مرکزی کردارادا کر رہے ہیں۔ ان کے ہمراہ زارا نورعباس،علیزے شاہ، حاجرہ یامین اور ونیزہ احمد بھی اہم کردارادا کر رہی ہیں۔