اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ وزارت صحت اتنی نااہل ہے پتہ نہیں لگاسکی کراچی میں گیس سے لوگ کیسے مرے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کی عمارت سیل کرنے کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی تو اسلام آباد انتظامیہ نے جواب جمع کرایا کہ عمارت ہم نے نہیں بلکہ وزارت صحت نے سیل کی۔
عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جس نے سلطان راہی بن کرعمارت کو تالالگایایہ ان کو زیب نہیں دیتا۔
جسٹس محسن اخترکیانی نے وزارت صحت اور وفاقی حکومت پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان اس طرح کام کرنے گی تو لوگ پتھرماریں گے ان کو گالیاں دیں گے، اگر حکومت سمجھتی ہے کہ اس ادارے کو نہیں ہونا چاہیے تو پارلیمنٹ میں معاملہ پیش کرے، انہیں اندازہ ہی نہیں کہ وہ کیا کر رہے ہیں، آگ سے کھیل رہے ہیں، ایک وزارت میں بیٹھے سیکریٹری سمجھ لیتے ہیں عمارت کو تالا لگا دینے سے معاملہ حل ہو جائے گا، کل وزارت صحت کو ایسے تالا لگا کر باہر کھڑا کر دیں تو دنیا میں کیا تاثرجائے گا۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ وزارت صحت اتنی نااہل ہے کہ کراچی میں گیس سے لوگ کیسے مرے اندازہ نہیں لگا سکی، ابھی اس وزارت نے اس نااہلی کے ساتھ کرونا وائرس سے بھی لڑنا ہے، ہر ادارے کے ساتھ یوں کیا گیا تو ملک تباہ ہو جائے گا، کیا وفاقی حکومت کو سمجھانے والا کوئی بھی نہیں ہے؟۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ ایک ادارے کے لوگ حکومت کو پسند نہیں آئے ، انہیں گھر بھیج دیا گیا، کل حکومت کو وکیل اور جج پسند نہیں آئیں گے، کیا ہمارے لیے بھی آرڈیننس جاری کر دیں گے؟ ایسے الفاظ پٹواری بھی نہیں لکھتا جو وزارت صحت نے لکھ کر بھیجے۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ اداروں کو تالے لگا کر لاکھوں شکایات پی ایم پورٹل پر حل کرنے کے دعوے ہوتے ہیں، پی ایم ڈی سی سے متعلق آرڈیننس عدالتی فیصلے کے بعد ختم ہو چکا۔
وزارت صحت نے عمارت کو سیل کرنے کیلیے جو لکھ کر بھیجا وہ دیکھیں،ایسے الفاظ تو پٹواری بھی نہیں لکھتا جو وزارت صحت نے لکھ کر بھیجے۔
عدالت نے سیکریٹری صحت سمیت تمام فریقین کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے 25 مارچ کو جواب طلب کرلیا جبکہ عمارت کو تالا لگانے والے افسران کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دیا۔
واضح رہے کہ حکومت نے پاکستان میڈیکل کمیشن صدارتی آرڈیننس 2019 جاری کرکے طبی شعبے کے نگراں ادارے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو تحلیل کر کے اس کی جگہ نیا ادارہ پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی) بنادیا تھا۔
اس آرڈیننس کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔ عدالت نے سماعت کے بعد پی ایم ڈی سی کو تحلیل کرنے کا صدارتی آرڈیننس اور پی ایم سی کا قیام کالعدم قرار دے کر پی ایم ڈی سی ملازمین کو بحال کردیا تھا۔