پشاور ہائیکورٹ نے سرکاری ملازمین کے لیے ریٹائرمنٹ کی عمر63 سال کرنے سے متعلق صوبائی حکومت کے فیصلے کو معطل کردیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق خیبرپختونخوا میں ریٹائرمنٹ کی عمر60 سے 63 سال کرنے کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی جس میں درخواست گزار وکلا اورایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا شمائل احمد بٹ نے اپنے دلائل مکمل کیے۔
بعد ازاں چیف جسٹس پشاورہائیکورٹ کی سربراہی میں قائم بنچ نے مختصر فیصلہ سنایا۔ عدالت نے ملازمت کی ریٹائرمنٹ کی مدت 63 کرنے کی صوبائی حکومت کے فیصلے کو معطل کردیا۔
واضح رہے خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے ریٹائرمنٹ کی عمر 60 سال سے بڑھا کر 63 سال کردی تھی جس کے خلاف درخواست گزار نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔