صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ڈی جی عمران زرکون نے کہا ہے کہ ایران میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ اوراس کے باعث اموات کے بعد تفتان کے قریب پاک ایران بارڈر پر تمام آمد و رفت روک دی گئی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران زرکون نے بتایا کہ پاک ایران سرحد پر مکمل اسکریننگ کے بعد ہی آمدورفت ممکن ہو سکے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یومیہ سیکڑوں افراد تفتان بارڈر سے آتے جاتے ہیں، ایران سے آنے والوں کو آبزرویشن میں رکھا جائے گا۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران زرکون نے یہ بھی بتایا کہ 100بستروں پر مشتمل موبائل ہیلتھ یونٹ تفتان پہنچا دیا گیا۔
واضح رہے کہ پڑوسی ملک ایران میں کورونا وائرس سے ایک اور شخص کے جان کی بازی ہار جانے کے بعد ایران میں اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے، جبکہ اب تک وہاں کرونا وائرس سے متاثرہ 28 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔