وزیر اعظم نے منصوبے کی سائٹ اور انتظامات کا جائزہ لیا۔فائل فوٹو
وزیر اعظم نے منصوبے کی سائٹ اور انتظامات کا جائزہ لیا۔فائل فوٹو

اسلام آباد میں نیا کمرشل شہر بنانے کی منصوبہ بندی مکمل

وزیراعظم کی ہدایت پر نیلامی میں حصہ لینے والوں کو سہولت دینے کا فیصلہ اور مکمل ایڈوانس ٹیکس دینے کی شرط بھی ختم کی گئی ہے۔ کامیاب بولی دہندگان کو رقم کی ادائیگی کے لیے 30 دن کا وقت ملے گا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں نیا کمرشل شہر بنانے کی منصوبہ بندی مکمل کرلی گئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان ‘’نیو بلیو ایریا’’ منصوبے کا جائزہ لینے بغیر پروٹوکول اور سیکیورٹی منصوبے کی سائٹ پر پہنچے اور انتظامات کا جائزہ لیا۔

وزیراعظم کو نیلامی کے طریقہ کار پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے لیے ایف 9 پارک کے بالمقابل 170 کنال اراضی مختص کی گئی ہے۔ جدید تعمیرات اور ہائی رائز بلڈنگ پر مبنی کمرشل سٹی عالمی طرزپرتعمیر ہوگا۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کی خصوصی دعوت دی جائے گی۔ لندن، دبئی، مانچسٹر، شکاگو اور گلاسکو سمیت بڑے شہروں میں روڈ شوزکیے جائیں گے۔ وفاقی ترقیاتی ادارہ اپریل کے پہلے ہفتے میں کمرشل نیلامی کرے گا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر مکمل ایڈوانس ٹیکس دینے کی شرط بھی ختم کی گئی ہے۔ کامیاب بولی دہندگان کو رقم کی ادائیگی کے لیے 30 دن کا وقت ملے گا۔ اوررسیز پاکستانیوں کو بھی رقم کے انتظام کے لیے مناسب وقت دیا جائے گا۔

منصوبے سے ابتدائی طور پر حکومت کو 25 سے 30 ارب روپے ملیں گے۔ حکومت آمدنی کا کچھ حصہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ میں استعمال کرے گی۔ یہ رقم بے گھراورغریب افراد کے لئے سستے گھروں کی تعمیر پرخرچ ہوگی۔ منصوبہ سے روزگار میں اضافہ اور معاشی سرگرمیوں سمیت تعمیراتی انڈسٹری کو فروغ ملے گا۔