گندم کے بحران کی وجہ سے ملک میں آٹے کی قیمت میں اضافہ ہوا ۔فائل فوٹو
گندم کے بحران کی وجہ سے ملک میں آٹے کی قیمت میں اضافہ ہوا ۔فائل فوٹو

گندم بحران پر حکومت، جہانگیر ترین اور خسرو بختیار سے جواب طلب

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ملک میں گندم کے بحران کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست پر وفاقی حکومت،وزیراعلیٰ پنجاب، جہانگیر ترین اور وفاقی وزیر خسرو بختیار سے جواب طلب کرلیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے ملک میں گندم بحران کے ذمے داروں کا تعین کرنے کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست پر سماعت کی۔

طاہر محمود نامی شہری کی جانب سے دائرکی گئی درخواست میں وفاقی و پنجاب حکومت، ڈی جی ایف آئی اے، وفاقی وزیر خسرو بختیاراور جہانگیر ترین سمیت دیگرکو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ گندم کے بحران کی وجہ سے ملک میں آٹے کی قیمت میں اضافہ ہوا ،عدالت گندم بحران کے ذمے داروں کا تعین کرنے کے لیے جوڈیشل کمیشن بنائے، جو اس بات کی تحقیقات کرے کہ گندم بحران کی وجہ سے کس کو فائدہ ہوا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ وفاقی حکومت ،وزیراعلیٰ پنجاب، فلورملزایسوسی ایشن، ڈی جی ایف آئی اے، جہانگیرترین اور وفاقی وزیر خسرو بختیار سمیت فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے 2 ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔