پیپلز پارٹی کے نبیل گبول نے سابق صدر آصف زرداری کے قریبی دوست سردار لطیف کھوسہ کے بنگلے پرحملہ کردیا، توڑ پھوڑکی، ملازمین پرتشدد اور ہوائی فائرنگ بھی کی۔
ملازمین سے لطیف کھوسہ کے داماد اور چیئرمین فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی حافظ عبدالبرکا پوچھا اور ہتھیارچھین کران پر تشدد کرنے کے بعد دھمکیاں دیتے ہوئے چلے گئے۔
ڈیفنس پولیس کے مطابق لطیف کھوسہ کے ملازم غلام شبیر نے تھانہ میں نبیل گبول، فیروز علی گابا اور ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کروایا ہے جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ یکم مارچ کی رات کو تقریباً ساڑھے 11 بجے وہ ڈیفنس میں واقع بنگلہ پرموجود تھا کہ دروازہ زور سے بجانے کی آواز آئی۔
اس نے جیسے ہی دروازہ کھولا تو یکدم نبیل گبول اپنے دوسرے ساتھیوں کے ساتھ گھر میں زبردستی گھسے، حافظ عبدالبر کے بارے میں پوچھا کہ وہ کہاں ہیں ہم اسے مارنے کیلیے آئے ہیں۔
ملازمین سے لطیف کھوسہ کے داماد حافظ عبدالبر کا پوچھا اور ہتھیار چھین کر ان پر تشدد کرنے کے بعد دھمکیاں دیتے ہوئے چلے گئے ، مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ملازم نے مزید بتایا کہ اس سے رپیٹر چھین کر اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، رپیٹر سے بنگلے پر دو فائر کیے گئے، توڑ پھوڑکی اور پورے بنگلے کی تلاشی لی بعد ازاں رپیٹر واپس دے کر وہاں سے چلے گئے۔
سردار لطیف کھوسہ کے بنگلے پرحملہ، توڑ پھوڑ اور ملازمین پرتشدد اورہوائی فائرنگ کے مقدمے عدالت نے پی پی رہنما نبیل گبول کی حفاظتی ضمانت منظورکرلی۔
سٹی کورٹ نے نبیل گبول کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے نبیل گبول کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے، عدالت میں 14 مارچ کو پیش ہونے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔دوسری جانب عدالت نے ملزم فیروزگابا کی بھی حفاطتی ضمانت منظورکرلی۔
نبیل گبول نے سٹی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے سے متعلق کہا کہ فشریز میں شہریوں کو مسائل کا سامنا ہے، میرے پاس لوگ آئے تو چیئرمین فشریز کو کال کرکے کہا کہ ان کی بات سن لیں۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین فشریز کے گھرشہریوں کے مسائل کے لیے گیا تھا، گاڑی روکنے کی کوشش کی لیکن بریک نہیں لگا اور بمپر دروازے پرلگا۔چوکیدار سور ہا تھا تواس کی گن اٹھائی خدشہ تھا کہ چوکیدار اٹھ کر گھبرا کرفائرنہ کردے۔
نبیل گبول نے مزید کہا کہ سی سی ٹی وی میں بھی دیکھا جاسکتا ہے کہ گن میں نے خود واپس کی، بعد میں پتہ چلا کہ مجھ پر مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے پتا نہیں تھا کہ چیئرمین فشریزکا کیمپ آفس لطیف کھوسہ صاحب کا گھرہے، چیئرمین فشریزپرنیب اوراینٹی کرپشن میں مقدمات چل رہے ہیں، ایسے شخص نے مجھ پرجھوٹا مقدمہ بنایا ہے ہرانکوائری میں پیش ہوں گا۔
نبیل گبول نے مزید کہا کہ فشریز میں سیوریج اورگندے پانی سے نکالی گئی مچھلیاں شہریوں کو کھلائی جارہی ہیں۔