پاکستان میں کرونا وائرس کا پانچواں کیس سامنے آگیا، گلگت بلتستان کی 45 سالہ خاتون میں وائرس کی تصدیق ہوگئی، متاثرہ خاتون نے حال ہی میں ایران کا سفرکیا۔ گلگت بلتستان کے تعلیمی ادارے 6 مارچ تک بند کر دیے گئے۔
کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے وفاق نے حکمت عملی تیارکرلی، ایران سے آنیوالے 13 ہزارافراد کی فہرست صوبائی حکومتوں کوارسال کردی۔
فہرست میں شامل افراد کے شناختی کارڈ، رابطہ نمبرزاوردیگر معلومات بھی دی گئی ہیں۔ کرونا وائرس کے پیش نظر سندھ بھر میں تمام تعلیمی ادارے 13 مارچ تک بند ہیں، اسکول کھولنے والوں کیخلاف حکام کا ایکشن بھی جاری ہے، کئی سکولوں کی رجسٹریشن بھی معطل کی گئی ہے۔
دوسری طرف خیبر پختونخوا کے ریسکیو ادارے کو حفاظتی کٹس فراہم کردی گئیں،اہلکاروں نے کرونا کے مشتبہ مریض کی ہسپتال منتقلی کی فرضی مشقیں بھی کیں۔
ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق ابتدائی طورپر120 کٹس ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرز میں تقسیم کی گئیں ہیں، جس میں گاؤن، ماسک، سرجیکل گلبز، سیفٹی گوگلز، ہیڈ کور، شو کوراوردیگر شامل ہیں۔