سینیٹ کی قائمہ کمیٹی ہاوسنگ و تعمیرات کے اجلاس کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈارنے منسٹرانکلیو میں گھروں پرغیرقانونی طورپر قبضے کررکھے ہیں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں سینیٹر میر کبیر احمد محمد شاہی کی زیر صدارت سینیٹ قائمہ کمیٹی ہائوسنگ و تعمیرات کا اجلاس ہوا جس میں منسٹرز انکلیو میں الاٹمنٹ اورغیر مستحق لوگوں سے اپارٹمنٹس خالی کرانے کا معاملہ زیرغورآیا۔
چیئرمین کمیٹی نے استفسارکیا کہ ماضی میں اسی منسٹرانکلیو سے بہت نام والی شخصیات کو بھی نکالا گیا، اتنے عرصے سے غیر قانونی الاٹ گھروں کو خالی کیوں نہ کرایا جاسکا، موجودہ دور کا نعرہ کہ ’قانون سب کیلیے ہے‘ کہاں گیا۔
وزیر ہائوسنگ نے کمیٹی کو بتایا کہ غیر قانونی قابضین سے گھرخالی کرائیں گے، جو عزت دار لوگ تھے ایک فون کال پر چلے گئے، کمیٹی حکم کرے ان کا سامان نکال کر پھینک دیتاہوں۔
پرویز خٹک کے پاس دو گھر ہیں انہیں ایک خالی کرنا ہو گا، انہیں منسٹر انکلیو میں دوسری رہائش گاہ خالی کرنے کا نوٹس کیا ہے، انوارالحق کاکڑ اورعثمان ڈار منسٹر انکلیو میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر ہیں۔
عثمان ڈار دو ماہ مجھے کہتے رہے کہ مجھے گھرالاٹ کریں، مجھے آج معلومات ملی ہیں کہ عثمان ڈار کا رتبہ وزیرکے برابر نہیں۔