معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفرمرزا کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کی وجہ سے کرونا وائرس کے کیسز چھپانے کی بات 200 فیصد غلط ہے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کورونا کے 5 مریض ہیں تاہم پاکستان سپر لیگ کی وجہ سے کرونا وائرس کے کیسز چھپانے کی بات 200 فیصد غلط ہے جب کہ ہر نزلے اور زکام کو کرونا وائرس نہ سمجھا جائے، صوبائی اور وفاقی سطح پر مل کر کام کررہے ہیں، صوبائی حکومتیں خودمختار ہیں اوراپنے لوگوں کے لیے بہتر فیصلے کررہی ہیں۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ڈینگی کے حوالے سے تیاری شروع کردی ہے، ڈینگی کو اسٹینڈرڈ طریقے سے قابو کریں گے اور ڈینگی کے بارے میں بھی نیشنل پروگرام لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور اسلام آباد میں کرونا کا کوئی مسئلہ نہیں لہذا یہاں کے اسکول بند نہیں کر رہے۔
معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفرمرزا کا کہنا تھا کہ چین میں کل 2 ہزار طلبہ ہیں جس میں سے ووہان میں 620 طلبہ ہیں اوران تمام سے رابطہ ہے جب کہ چین نے پاکستانیوں کے لیے بھی وہی پابندی لگائی ہیں جو اپنے لوگوں کے لیے لگائی ہے۔