مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے پاکستان میں جواندرونی خطرات پیدا کیے گئے ہیں،وہ ہمارے وجود کے لیے بھی خطرہ ہیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، مریم اورنگزیب اور مصدق ملک کراچی پہنچے جہاں انھوں نے سابق گورنر محمد زبیراوردیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ مزارقائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا دوسال میں سب نے دیکھ لیا ہے، موجودہ حکومت کا جو ماڈل دیکھا ہے وہ نہیں چل سکتا۔
انہوں نے کہا کہ آج ملک میں جوحالات ہیں، وہ معمول بات نہیں، پاکستان کواندرونی خطرات کا سامنا ہے، سب کو بیٹھنا ہو گا اورفیصلہ کرنا ہو گا کہ ملک کو کیسے چلانا ہے۔
ان کا کہنا تھا جو بھی اقتدار میں قوتیں اور اسٹیک ہولڈر ہیں، وہ فیصلہ کریں کہ ملک میں حکومت کیسے ہوا کرے گی۔
ان کا کہنا تھا آج قائداعظم کے پاکستان میں جمہوریت نہيں آمریت ہے، آج ملک میں نہ حکومت ہے، نہ ترقی نہ روزگار اور وزیراعظم لاپتہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ کے دور میں ملک میں منہگائی نہیں تھی، 2018 میں کراچی روشنیوں کا شہر تھا، امن قائم تھا، آج عوام منہگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، آٹا 70، چینی 90 روپے کلو ہو چکی ہے۔
ن لیگ کے سینئر نائب صدر نے کہا کہ ملک میں اتنی منہگائی تاریخ میں کبھی نہیں ہوئی، ملک میں منہگائی کے ذمہ دار عمران خان ہیں، وہ جواب دیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم اقتدار کے بھوکے نہیں لیکن ملک کے نظام کو درست کرنا ہے، موجودہ نظام میں ملک درست نہیں ہو سکتا۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ ہم نے 2018 میں بھی کہا تھا کہ الیکشن متنازع ہیں، ہمیں اس آمریت کا مقابلہ کرنا ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا چیلنج کرتا ہوں الیکشن کرا لیں، ن لیگ الیکشن سوئپ کرے گی-
وفاقی حکومت کی جانب سے نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے حکومت برطانیہ کو لکھے گئے خط سے متعلق سوال پر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وفاقی حکومت کے خط کی حیثیت ردی کے کاغذ سے زیادہ نہیں۔
ایک سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو اپنی سیاست کرنی ہے، ہمیں اپنی، دونوں جماعتیں اپوزیشن میں ہیں اور سب کا مقصد ایک ہے کہ ملک ترقی کرے۔