پاکستان مسلم لیگ ن نے حکومت کی اہم اتحادی جماعت کے ’ناراض رکن‘کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دیدی۔
مسلم لیگ(ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی اوراحسن اقبال کی سربراہی میں وفدنے کراچی میں سینئر سیاستدان اورایم کیوایم بحالی کمیٹی کے سربراہ فاروق ستارسے ملاقات کی،انہیں میاں صاحبان کا خیر سگالی کا پیغام پہنچایا اورپارٹی میں شمولیت کی بھی دعوت دی۔
نجی ٹی وی کے مطابق لیگی وفد نے فاروق ستار کو جمہوریت کے فروغ اور ملک کی ترقی کیلئے مل کرکام کرنے کی دعوت دی۔ لیگی وفد نے فاروق ستار سے کہا کہ ملکی سیاست میں آپ کا کرداراہم ہے،ن لیگ میں آپ کی شمولیت سے جمہوریت کو فائدہ ہوگا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہاشاہد خاقان عباسی اپنے گروپ کے ساتھ ملنے آئے بہت اچھا لگا، ہم ایک دوسرے کو 30 سال سے جانتے ہیں، پارلیمان میں ایک ساتھ کام کیا ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا فاروق ستار کے سامنے اپنی باتیں رکھیں اوران کی باتیں سنیں، یہ پہلا موقع ہے کہ سیاسی جماعتوں میں ڈائیلاگ نہیں ہورہا، ڈائیلاگ کے لیے سب سے پہلے حکمران جماعت ہاتھ بڑھاتی ہے۔
اس موقع پراحسن اقبال نے کہا مسلم لیگ (ن) فاروق ستارکے بزرگوں کی جماعت ہے،انہیں پارٹی میں دعوت دینے کی ضرورت نہیں۔احسن اقبال کے بیان پرفاروق ستارنے جواباً کہا کہ شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کواپنا بزرگ مانتا ہوں۔