ماں، بہن، بیٹی، بیوی غرض عورت ہر روپ میں رحمت ہے، وجود زن سے ہے تصویرکائنات میں رنگ؛ پاکستان سمیت دنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن منایاگیا۔
آج خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان میں شہر شہر ریلیاں نکالی گئیں اوراسی سلسلے میں ملک کے مختلف شہروں میں سول سوسائٹی کی جانب سے سیمینارزاورکانفرنسزکا انعقاد کیاگیا۔
کراچی میں سہ پہر3 بجے فرئیر ہال میں عورت مارچ کے لیے خواتین کے ریلی نکالی یہ خواتین مارچ کرتے ہوئے میٹروپول کا چکرلگا کر واپس فریئر ہال آئیں جہاں سے پرامن طور پر منتشرہوگئیں۔
اسی طرح لیڈیز ورکرزکے نام سے خواتین کا ایک اوراجتماع کراچی پریس کلب پرہوا۔کمشنرکراچی کی جانب سے ان تمام ایکٹیوٹیزکی اجازت دی گئی تھی۔
عورت کائنات میں خدا کی ایسی تخلیق جس کے تصور سے نرمی، محبت، خلوص کا تصورابھرتا ہے، بقول شاعر کائنات کی رنگینی کی وجہ بھی یہی وجود ہے، مردوں کے شانہ بشانہ چلتی خواتین کو ان کے حقوق، احترام دینے کے لیے 8 مارچ کو دنیا بھر میں عالمی یوم خواتین منایا جاتا ہے۔
پاکستان کی باہمت خواتین نے ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کو منوایا۔ سیاست، معیشت، صحافت، طب سمیت ہر شعبے میں پاکستانی خواتین کی الگ پہچان ہے۔
ذہانت، صبر اور ناقابل یقین حوصلوں کی داعی خواتین گھر اور معاشرے کی تکمیل میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔ یوں پاکستانی عورتوں کا کردار قوم کی تعمیر میں انتہائی قابل ستائش ہے۔
مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی کامیاب خواتین نے اس دن کی مناسبت سے خصوصی نشست رکھی۔ دُہرے فرائض نبھاتی ورکنگ ویمن کا کہنا ہے کہ اپنی قدر و منزلت کی پہچان سے ہی کامیابی کے سفر کا آغاز ہوسکتا ہے۔
خواتین نے مزید کہا کہ ہمارے معاشرے کا نصف حصہ عورتوں پر مشتمل ہے۔ شعور و آگاہی کو فروغ دے کر یہاں موجود سماجی ناہمواریوں کو مکمل ختم کیا جا سکتا ہے۔ اس حوالے سے آج وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں سیمینارز سمیت تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے۔
1908ء میں نیویارک میں گارمنٹس فیکٹری میں کام کرنے والی خواتین ملازمین نے کام کی نوعیت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ہڑتال کی اوراپنے حقوق تسلیم کرائے جس کے اعزاز میں دنیا میں پہلی بار یوم خواتین امریکا میں 28 فروری 1909ء کو منایا گیا۔
اس دن کو منانے کا اہتمام امریکا کی سوشلسٹ پارٹی نے کیا تاہم بعد میں اقوام متحدہ نے 1975ء میں باقاعدہ طور پر8 مارچ کو عالمی یوم خواتین کے نام سے منسوب کردیا جس کے بعد سے آج تک ہر سال 8 مارچ کو دنیا بھر میں خواتین کے حقوق اجاگر کرنے کے لیے یہ دن منایا جاتا ہے۔
دوسری جانب خواتین کے عالمی دن پر گوگل نے اپنا ’’ڈوڈل‘‘ تبدیل کر کے خواتین کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ گوگل نے ڈوڈل کو ویڈیو کی صورت میں پیش کیا ہے جس میں خواتین کی صلاحیتوں کو زندگی کے ہر شعبے میں اُجاگرکرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔