پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن نے غریب عوام کیلیے کچھ نہیں کیا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ لاہورکے عوام کیلیے سب سے زیادہ کام کیا ہے چاہے وہ ذوالفقاربھٹو کا دورہو، یا بے نظیر کا یا پھر صدر زرداری کا تمام ادوار میں پیپلز پارٹی نے لاہوراورپنجاب میں بھرپور کام کیا ہے،بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے تحت اس ملک کے غریبوں، کسانوں اور خواتین کو سہارا دینے کی کوشش کی ہے۔
اس وقت جو سلیکٹڈ اور نااہل حکمران حکومت کررہے ہیں وہ سب سے زیادہ عوام کا استحصال کررہے ہیں۔جب تک ہم غریب عوام،مزدوروں اورکسانوں پر خرچ نہیں کریں گے تب تک ہم ترقی نہیں کرسکتے۔حکومت نے بنا کسی منصوبہ بندی سے آئی ایم ایف سے قرض لیا۔ایک سال ضائع کرکے معاہدے پر مذاکرات کیے۔
جب ہم نے آئی ایم ایف سے مذاکرات کیے تو غریب عوام کے حقوق کا خیال کیا۔ یہ حکومت پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل لے کرآئی، آئی ایم ایف کا نمائندہ پاکستان آکرآئی ایم ایف کے نمائندے سے مذاکرات کرتا ہے۔انہوں نے ہماری خودمختاری پر سودا بازی کردی ہے۔
انہوں نے مسلم لیگ ن کی حکومت پر بھی تنقید کی اور کہا نوازشریف حکومت نے بھی غریب عوام پر خرچ نہیں کیا۔جب تک غریبوں پر خرچ نہ کیا جائے تب تک حقیقی ترقی نہیں ہوتی ہے۔انہوں نے کہایہ حکمران نااہل ہیں نہ ملک چلا سکتے ہیں نہ ہی معیشت۔
انہوں نے کہا ملک کو ترقی کی سمت پر لے جانا ہے تو عوام کو پیپلز پارٹی کا ساتھ دینا ہوگا، پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ عوام دوست حکومت بنائے ایسی حکومت نہ بنائے جو صرف تاجروں کو نوازے۔پیپلز پارٹی کی جو تصویر پیش کی جارہی ہے وہ محض پراپیگنڈا ہے۔