پاک فوج نے ٹانک کے قریب خفیہ اطلاعات پرآپریشن کرتے ہوئے دہشتگردی کی بڑی کارروائی ناکام بنا دی ہے جس دوران دو انتہائی مطلوب دہشتگرد مارے گئے ہیں جبکہ پاک فوج کے کرنل شہید ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج نے ٹانک میں خفیہ اطلاعات پرآپریشن کیا جس دوران دو نہایت مطلوب دہشتگرد مارے گئے جبکہ دہشتگردی کی بڑی کارروائی کو ناکام بنا دیا گیاہے، دہشتگردوں کی فائرنگ سے کرنل مجیب الرحمن بھی شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آرکے مطابقکارروائی کے دوران پاک فوج نے بھاری مقدار میں اسلحہ اور مواصلاتی نظام تحویل میں لے لیا۔آئی ایس پی آرکاکہناتھا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردی کی بڑی کوشش ناکام بنادی گئی۔
پاک فوج کے شہید ہونے والے کرنل مجیب الرحمن کا تعلق ضلع استوارکے علاقے بنجی سے ہے،انہوں نے لواحقین میں بیوہ ، تین بیٹے اورایک بیٹی چھوڑی ہے۔
وزیراعظم کامیاب کارروائی پرسیکیورٹی فورسزکو خراج تحسین
وزیراعظم عمران خان نے ڈی آئی خان میں کامیاب کارروائی پرسیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ جام شہادت نوش کرنے والے کرنل مجیب الرحمان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ پوری قوم افواج پاکستان اورسیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کی معترف ہے،سیکیورٹی فورسز کی بے مثال قربانیوں کے باعث دہشت گردی کا خاتمہ ہوا،وزیراعظم عمران خان نے شہید کرنل مجیب الرحمن کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔