طیارہ کے گرتے ہی اس میں آگ بھڑک اٹھی۔فائل فوٹو
طیارہ کے گرتے ہی اس میں آگ بھڑک اٹھی۔فائل فوٹو

پاک فضائیہ کا جنگی طیارہ ایف 16 تباہ۔پائلٹ شہید

اسلام آباد میں پاک فضائیہ کا جنگی طیارہ ایف سولہ گرکر تباہ ہوگیا جبکہ حادثے میں طیارے کا پائلٹ شہید ہوگیا،امدادی ٹیموں کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پہنچ گئی۔

نجی ٹی وی کے مطابق طیارہ شکرپڑیاں کے قریب چاند تارا چوک کے ساتھ موجود جنگل میں گرکرتباہ ہوا ہے۔ جائے حادثہ تک باقاعدہ راستہ نہ ہونے کی وجہ سے بڑی گاڑیوں کو وہاں تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے امدادی سرگرمیوں میں بھی مشکل پیش آئی۔ حادثے کی جگہ کو سیکیورٹی اہلکاروں نے گھیرے میں لے لیا۔

رپورٹ کے مطابق طیارہ کے گرتے ہی اس میں آگ بھڑک اٹھی، مناسب حفاظتی اقدامات کے ریسکیواہلکاروں کو بھیجنا مشکل ہوگیا کہ کہیں کسی اہلکارکو نقصان نہ پہنچے۔

رپورٹ کے مطابق مشکلات کے باوجود وہاں موجود سکیورٹی و ریسکیو اہلکار وں نے وہاں تک رسائی یقینی بنائی اورامدادی سرگرمیوں کاآغازکیا۔

پاک فضائیہ کے ترجمان نے صرف طیارے کی تباہی کی تصدیق کی ہے۔ترجمان نے بتایا تھا کہ تباہ ہونے والا ایف سولہ طیارہ تھا جو 23 مارچ کے حوالے سے کی جانے والی تقریب میں حصہ لینے کیلیے ریہرسل کررہا تھا۔پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق تباہ ہونے والا طیارہ ایف سولہ تھا جو23 مارچ کے حوالے سے ہونے والی تیاریوں میں حصہ لے رہا تھا۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق طیارے کی تباہی کی وجوہات جاننے کیلئے ایئر ہیڈکوارٹرز میں تحقیقاتی ٹیم تعینات کردی گئی ہے جو اس طیارے کی تباہی کے تمام پہلووں کا جائزہ لیں گے۔

قومی اسمبلی کےاجلاس کے دوران  اسد قیصر نے ایوان کو مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ پاک فضائیہ کا ایف سولہ طیارہ تباہ ہوا ہے جس کا پائلٹ ونگ کمانڈر نعمان اکرم شہید ہوگیاہے۔

انہوں نے ایوان میں موجود ایک شخصیت کو مولانا کہہ کر پکارتے ہوئے کہا کہ وہ شہید پائلٹ کیلیے دعا کریں جس پر پورے ایوان نے شہید کی مغفرت اور بلندی درجات کی دعا کی۔