گلگت بلتستان میں کرونا کے ایک اور کیس کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 20 ہوگئی ہے۔
ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق صوبہ میں کروناوائرس کے ایک اورکیس کی تصدیق ہوئی ہے، نئےمریض کا تعلق اسکردو سے ہے اوراس کی عمر 14سال ہے۔اس نئےکیس کے بعد گلگت بلتستان میں کروناکے تصدیق شدہ کیسز کی تعداداب 2ہوچکی ہے۔
فیض اللہ فراق کے مطابق حکومت گلگت بلتستان کورونا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کورونا بچاؤمہم میں تیزی لاچکی ہے اور بچاؤ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بھی کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا،فاطمہ جناح اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کا کہنا ہے کہ اسپتال میں زیرِ علاج 12 سال کے بچے میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
ایم ایس فاطمہ جناح اسپتال کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچہ والدین کے ساتھ تفتان سے کوئٹہ پہنچا تھا۔انہوں نے بتایا کہ بچے کا تعلق دادو سے ہے، والدین میں کورونا کی تصدیق نہیں ہوئی۔
گزشتہ روزڈاکٹر ظفر مرزا نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر معلومات شیئرکرتے ہوئے بتایا تھا کہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، صورتحال مکمل طور پرقابو میں ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کرعوام کو کرونا وائرس سے بچاؤ کیلیے ہنگامی بنیادوں پرکام کر رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا تھا کہ پاکستان میں 19 کرونا کیسز بیرون ممالک سے آئے افراد میں رپورٹ ہوئے ہیں اور سب کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں سب سے زیادہ 15 کرونا کیسز سندھ میں رپورٹ ہوئے ہیں ۔