پاک افغان سرحد طورخم پر دو افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق طورخم سرحد پر جن دو افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ان میں سے ایک کا تعلق پاکستان اوردوسرے کا تعلق افغانستان سے ہے۔
متاثرہ پاکستانی شخص محمد اصغرافغانستان میں موجود سفارت خانے میں ملازم ہے جسے پشاوراسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ افغان شخص محمد کامران کو طورخم سرحد پر موجود امیگریشن عملے نے واپس افغانستان بھیج دیا۔
واضح رہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے پاک افغان سرحد باب دوستی گزشتہ 10 روز سے بند ہے اور ہر طرح کی آمدورفت معطل ہے۔ حکام کے مطابق سرحد کی بندش سے نیٹو سپلائی، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور سینٹرل ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارتی سرگرمیاں معطل ہیں۔
واضح ہے کہ پاکستان میں اب تک 20 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے دو افراد صحت یاب ہونے کے بعد گھر منتقل ہو گئے۔