کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلیے خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے تعلیمی ادارے 31مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہےاس ضمن میں چھٹیوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفیکیشن میں بتایا گیا ہے کہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی سمیت تمام تعلیمی ادارے 16 مارچ سے 31 مارچ تک بند رہیں گے۔
16 مارچ سے 31 مارچ کے دورانیے میں ہونے والے تمام امتحانات بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ترجمان گلگت بلتستان فیض اللہ فراق کا اس بابت کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں حکومتی و نجی تعلیمی ادارے 31 مارچ تک بند رہیں گے۔
فیض اللہ فراق نے یہ بھی کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کےخدشات کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا کابینہ نے کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر تمام فیسٹولز، تعلیمی سرگرمیاں اور جیلوں میں ملاقاتیں معطل کرنے کا فیصلہ کرلیا جبکہ اتوارکو ہونیوالا وزیراعلیٰ کا جلسہ بھی موخر کردیا گیا۔
سرکاری حکام کے حوالے سے بتایا کہ کابینہ نے بڑے فیصلے کیے ہیں جس کے تحت سیاسی و پبلک اجتماعات پر پابندی، وزیراعلیٰ کا سوات میں ہونیوالا جلسہ معطل ، تمام تعلیمی ادارے 15 روزکے لیے بند کرنے ، تمام نجی و سرکاری ہاسٹلز بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ تمام امتحانات کو منسوخ کردیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق یہ بھی فیصلہ کیاگیا کہ وفاق سے درخواست کی جائے گی کہ طورخم بارڈر کو بھی بند کیا جائے ۔
حکام کے مطابق عوام کو شادی اور دیگر تقریبات کم کرنے کی ہدایت کی جائے گی اوراس سلسلے میں مہم چلائی جائے گی ۔ خیبرپختونخوا کے تعلیمی ادارے بھی 15 روز کے لیے بند کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ طورخم بارڈ سے متعلق فیصلہ وزیراعظم کی زیر صدارت سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔