پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
لاہور میں پی سی بی اورفرنچائزز مالکان کا اجلاس ہوا، پی سی بی نے فرنچائزز مالکان سے مشاورت کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کے سیمی فائنل اور فائنل میچ کو ملتوی کرنے کی خبروں کی ٹویٹ کے ذریعے تصدیق کر دی ۔
پی سی بی نے براڈ کاسٹنگ ٹیم کو فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایک فرنچائز غیر ملکی کھلاڑیوں کی وطن واپسی کی وجہ سے مزید نہیں کھیلنا چاہتی تھی۔
HBL PSL 2020 postponed, to be rescheduled. More details to follow in due course#HBLPSLV
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) March 17, 2020
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پی ایس ایل 2020 کو ملتوی کردیا گیا ہے اور بقیہ میچز کو نئی تاریخوں میں کرایا جائے گا، تاہم اس معاملے کی مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
قبل ازیں کورونا وائرس کے پیش نظر فلائٹ آپریشن بند ہونے کے ڈرسے پی ایس ایل میں شامل متعدد غیرملکی کھلاڑی اورکوچ اپنے اپنے وطن واپس روانہ ہوگئے تھے۔ اس کے علاوہ پی ایس ایل فائیو میں میچز میں تماشائیوں کی تعداد بھی بہت مایوس کن رہی اورایونٹ کا رنگ پھیکا پڑنے لگا۔
پی سی بی نے اس ایونٹ کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی پوری کوشش کی۔ بورڈ نے پی ایس ایل کے شیڈول میں تبدیلی کرتے ہوئے میچز کی تعداد کم کرکے ایونٹ کے پلے آف میچز کو سیمی فائنل اور فائنل میں تبدیل کیا۔ پھر میچز کو تماشائیوں کے بغیر کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
پی ایس ایل 5 کے اب تک کے مقابلوں میں پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز سرفہرست، کراچی کنگز دوسرے، لاہور قلندرز تیسرے اور پشاور زلمی چوتھے نمبر پر موجود رہی۔
واضح رہے کہ پوری دنیا اس وقت ایک جان لیوا خطرناک کورونا وائرس کووڈ-19 کی لپیٹ میں ہے۔ پاکستان میں کرونا مریضوں کی تعداد 180 ہوگئی ہے جبکہ دنیا میں اس خطرناک وائرس سے 6 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔