ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین پارلیمنٹ، نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ کرونا وائرس سے نمنٹے کے لیے قائم فنڈ میں دینے کا اعلان کیا ہے۔
کنوینرایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے اراکین رابطہ کمیٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے اگر صورتحال سنگین ہوجاتی ہے تو ان کی جماعت تمام ضرورت مندوں میں اجناس تقسیم کریگی۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان ایک لاکھ سینیٹائزرز بھی عوام میں تقسیم کریگی۔ خدمت خلق فاؤنڈیشن (کے کے ایف) پر پابندی کے باوجود کرونا وائرس کی پرائمری اسکریننگ کرنے کیلیے کیمپ لگادیا گیا ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ تمام یو سی چیئرمین کو ہدایت کی ہے کہ سینیٹائزرز اور صابن عوام میں تقسیم کریں۔ حکومت کے ایم سی ڈی ایم سی اور کے کے ایف میں آئیسولیشن وارڈز قائم کرنے کیلیے اپنی تمام عمارتیں دینے کو تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان نے کرونا وائرس آگئی مہم چلانے کی تمام تر تیاری مکمل کرلی ہیں۔ رفاہی اداروں اور حکومت کو ایم کیوایم پاکستان اپنی تمام توانائی و امدادی کارکنان دینے کوتیار ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کوروناوائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کیلیے ایم کیوایم پاکستان اپنے تمام دفاترایک ہفتے کیلیے بند کررہی ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کیلیے عوام زیادہ سے زیادہ احتیاط اورگھروں میں محدود رہیں۔حج و عمرہ کیلیے پیسے رکھنے والوں سے اپیل ہے کہ ان پیسوں سےراشن غریبوں میں تقسیم کریں۔
میئرکراچی وسیم اختر نے اس موقع پرکہا کہ کے ایم سی اپنے تمام اسپتال اور دفاترکی خدمات حکومت سندھ کو دینے کو تیار ہے۔ لاک ڈاؤن سے ڈیلی ویجز کا طبقہ متاثرہوگا،ان کیلیے فوری امدادی پیکج کا بندوبست کیا جائے۔
ایم کیو ایم رہنما عامر خان نے کہا کہ ڈسٹرکٹ چیئرمین اور ایم کیوایم پاکستان میڈیکل کمیٹی نے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات شروع کردیے ہیں۔