دتہ خیل میں انٹیلی جنس بنیاد پر ہونے والے آپریشن کے دوران 7دہشت گردہلاک جبکہ فورسزکے 4جوان بھی شہید ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلیجنس آپریشن کے دوران 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ اس دوران فورسز کے 4 جوان بھی شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آرکے مطابق آپریشن خفیہ ٹھکانے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پراوردتہ خیل کے جنوب مغرب میں7 کلو میٹر دورماما زیارت میں کیا گیا۔
آپریشن کے دوران مورچہ بند دہشت گردوں نے فورسز پر بھاری ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک افسر سمیت فورسزکے 4 جوان بھی شہید ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں تمام 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے اوربھاری مقدار میں بارود اوراسلحہ قبضے میں لے لیا گیا۔
شہید ہونے والوں میں لاہورکے 26 سالہ لیفٹیننٹ آغامقدس علی خان، لیہ کے حوالدار قمر ندیم اورلیہ کے 24 سالہ سپاہی محمد قاسم جبکہ نارووال کے 23 سالہ سپاہی توصیف بھی شامل ہیں۔