پاکستان میں بھی کرونا 2 افراد کی جان لے گیا، مرنے والے افراد میں ایک کا تعلق مردان اور دوسرے کا ہنگو سے تھا، ملک بھر میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 398 ہو گئی۔
مرادان میں 50 سالہ شخص کو ایک روز قبل میڈیکل کمپلیکس لایا گیا تھا، سعادت خان گزشتہ ہفتے ہی عمرہ کرکے واپس آیا تھا۔ ہلاکت کے بعد مردان انتظامیہ نے منگاہ کے علاقے کو لاک ڈاؤن کر دیا جبکہ علاقے میں آمد ورفت پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی، علاقہ مکینوں کی سکریننگ کے انتظامات مکمل کرلیے گئے۔ جان لیوا وائرس نے ہنگو کے رہائشی 36 سالہ شخص کی جان بھی لے لی، متاثرہ شخص لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں زیرعلاج تھا۔
سندھ
سندھ میں کرونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آگئے جس کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 213 ہوگئی ہے۔
کراچی کے 3 مقامی افراد میں وائرس کی تصدیق
ترجمان محکمہ صحت نے بتایا کہ تین کیسز کراچی میں رپورٹ ہوئے ہیں جو مقامی لوگ ہیں، متاثرہ شخص کے رابطہ میں رہنے والے افراد کے بھی ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ سکھر میں 151، کراچی میں 59 اور حیدرآباد میں کرونا وائرس کا ایک کیس ہے۔
بلوچستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 45 ہو گئی
بلوچستان حکومت کے ترجمان نے صوبے میں کرونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال بتاتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ قرنطینہ میں مقیم 252 افراد کے ٹیسٹ رپورٹ آگئے ہیں جن میں 29 میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
خیبر پختونخوا میں تعداد 34 ہوگئی
خیبر پختونخوا میں کرونا وائرس کے 15 نئے کیس سامنے آگئے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 34 ہوگئی۔محکمہ ریلیف کے پی کے حکام کے مطابق ڈی آئی خان سے 3، کرم 5، مردان 3،لوئر دیر 1، ملاکنڈ 1، پشاور 1، ہری پور سے 1 نیا کیس رپورٹ ہوا ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق پنجاب میں وائرس سے 84، گلگت بلتستان میں 15، اسلام آباد میں 8 اور آزاد کشمیر میں ایک شخص کرونا سے متاثر ہے۔
5 مریض صحتیاب
وزارت صحت کے مطابق کورونا وائرس کے 5 مریض صحت یاب ہوکر گھروں کو جا چکے ہیں، اسلام آباد کے پمز اسپتال سے 2 اور سندھ سے 3 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
تفتان سے مزید 1653 زائرین متعلقہ صوبے منتقل
بلوچستان حکومت نے پاک ایران سرحد کے قریب تفتان کے مقام سے مزید 1653 زائرین کو اپنے اپنے متعلقہ صوبوں کی جانب روانہ کردیا ہے، لیوی حکام کا کہنا ہے کہ 42 بسوں میں سوار زائرین کو پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر روانہ کیا گیا ہے۔
انسداد پولیو مہم موخر
کورونا وائرس کے خدشات پیش نظر خیبر پختون خوا میں انسداد پولیو مہم موخر کردی گئی۔ انسداد پولیو مہم میں پانچ سال سے کم عمر کے 13 لاکھ 24ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ٹارگٹ مقرر تھا
سندھ کے تمام سرکاری دفاتر بند
کرونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکومت سندھ کے ماتحت تمام ادارے بند کردیے گئے ہیں، چیف سیکریٹری سندھ کا کہنا ہے کہ 3 اپریل تک سندھ کے 25 سرکاری محکمے اوران کے ذیلی دفاتر بند رہیں گے، اس کے علاوہ خود مختار کارپوریشنز، ادارے اورلوکل کونسلز میں بھی تعطیل ہوگی، سندھ تعطیلات کے باوجود تمام محکموں کے انتظامی سربراہان اور سینئر افسران آن کال رہنے کے پابند ہوں گے۔
چیف سیکریٹری کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت، داخلہ، خزانہ، بلدیات، خوراک، منصوبہ بندی و ترقیات میں سرکاری تعطیل کا اطلاق نہیں ہوگا جب کہ پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ اور محکمہ جیل خانہ جات کے دفتر بھی کھلے رہیں گے۔