وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے چھ سے آٹھ ٹرینین بند کرنے کا عندیہ دے دیا۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج شام تک چھ سے آٹھ ٹرینیں بند کر سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یکم اپریل سے بارہ ٹرینیں بند ہو سکتی ہیں۔
وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے معاملے پر سیاست نہیں کرنی چاہیے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ ٹرینوں کے کرائے سے ہی تنخواہیں ادا کی جاتی ہیں،لاکھوں مسافروں کو ایک ساتھ کرایہ واپس نہیں کرسکتے۔
وزیر ریلوے نے یہ بھی کہا کہ ٹرینیں بند ہونے سے محکمے میں بحران پیدا ہوجائے گا۔ریلوے اسٹیشنوں پر کرونا کے پھیلائو کو روکنے کے لیے اقدامات سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ریلوے اسٹیشن پر وہی آلات نصب ہیں جو ائیرپورٹس پر ہیں۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے خلاف اقدامات اٹھانے کے لیے متعلق تمام صوبائی حکومتیں متحرک ہیں۔