صوبائی وزیر اطلاعات ناصر شاہ نے عوام کی جانب سے لاک ڈاؤن کو سنجیدہ نہ لینے کی صورت میں کرفیو نافذ کرنے کا اشارہ دے دیا۔
جیو نیوز کے مطابق ناصر شاہ نے کہا کہ عوام حکومت کی ہدایات پرعمل نہیں کریں گے تو کرفیو لگایا جاسکتا ہے، حکومت عوام کی بھلائی کے لیے کرفیوکی تجویزپرغورکرسکتی ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد شاہ کی زیرصدارت اہم اجلاس جاری ہے جس میں ناصر شاہ، سعید غنی، مرتضیٰ وہاب اور دیگر ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہیں۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ مجھے فکر ہے کہ کسی کا چولہا بند نہیں ہونا چاہیے، مخیر حضرات غریب مستحق افراد کی مدد کریں، ہمیں ایک دوسرے کو سنبھالنا ہے۔
واضح رہےکہ سندھ حکومت نے 22 مارچ کی رات 12 بجے سے صوبے بھر میں 15 روز کے لیے لاک ڈاؤن کردیا ہے جس کے تحت کسی بھی شہری کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
لاک ڈاؤن کے دوران میڈیکل اسٹورز اور کریانہ کی دکانیں کھلی رہیں گے۔