وزیراعظم کی غیر موجودگی پرافسوس ہے۔فائل فوٹو
وزیراعظم کی غیر موجودگی پرافسوس ہے۔فائل فوٹو

وزیراعظم اجلاس سے کیوں گئے؟شہباز شریف اوربلاول بھٹو کا واک آئوٹ

وزیراعظم عمران خان کی طرف سے پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس کے دوران چلے جانے پر پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری اجلاس سے واک آؤٹ کرگئے۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں بڑھتے ہوئے کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد کے بعد آج پارلیمانی پارٹی کے رہنماؤں کی میٹنگ بلائی گئی تھی ان میٹنگ میں وزیراعظم عمران خان نے ویڈیو کانفرنس سے خطاب کیا تھا۔

ویڈیو کانفرنس میں خطاب کے بعد وزیراعظم عمران خان کے چلے جانے کے بعد اپوزیشن کی دو بڑی پارٹیوں کے رہنماؤں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اجلاس سے واک آؤٹ کر دیا اورموقف اپنایا کہ وزیراعظم اجلاس سے کیوں چلے گئے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا اپوزیشن کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں، یہ ملک کے سربراہ کی سنجیدگی کا لیول ہے۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال میں اجلاس میں بیٹھنا مناسب نہیں، واک اوٹ کرتے ہیں، اتنی بڑی وبا نے پاکستان کو متاثر کیا ہے اور یہ سنجیدگی ہے۔

دوسری طرف سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پرٹویٹ کرتے ہوئے میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پارلیمانی پارٹی اجلاس کے دوران وزیراعظم کی غیر موجودگی پرافسوس ہے، ایسا لگتا ہے جیسے وزیراعظم عمران خان اپوزیشن کی بات نہیں سننا چاہتے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پوری قوم نے ملک کے چیف ایگزیکٹو کی سنجیدگی دیکھی، میں واک آؤٹ کرگیا کیونکہ میرے پاس کوئی اورراستہ نہیں تھا، اسی لیے احتجاجاً میں نے واک آؤٹ کیا۔

اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے رہنما مولانا عبد الغفور حیدری کا کہنا تھا کہ ملک میں اب تنقید، سیاست کا وقت نہیں، قومی سلامتی کی بات ہے۔ پاکستان میں ہم سب نے مل کر کرونا وائرس سے نجات حاصل کرنی ہے۔

شہباز شریف کا واک آؤٹ سمجھ سے بالاترہے۔ وزیر خارجہ

کرونا وائرس سے متعلق پارلیمانی پارٹی رہنماؤں کے اجلاس کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف کی طرف سے واک آؤٹ کیے جانے کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کی طرف سے واک آؤٹ سمجھ سے بالاتر ہے۔

شرکا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز سے متعلق اتنے اہم اجلاس کے دوران واک آؤٹ کے بعد میں درخواست کرتا ہوں کہ میاں محمد شہباز شریف اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔

شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ میں ہاتھ جوڑ کر درخواست کرتا ہوں شہبازشریف بڑے پن کا مظاہرہ کریں،ہم سب نے ملکراس چیلنج کا مقابلہ کرنا ہے۔