احتساب عدالت نے غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ریفرنس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما اورسابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی سمیت دیگرکے وارنٹِ گرفتاری جاری کردیے۔
کراچی کی احتساب عدالت میں شاہد خاقان عباسی سمیت دیگرکے خلاف غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ریفرنس پر سماعت ہوئی۔ نیب کا موقف سننے کے بعد احتساب عدالت نے سابق وِزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے علاوہ ریفرنس کے شریک ملزم سابق سیکریٹری ارشد مرزا کے وارنٹِ گرفتاری جاری کیے ہیں۔
ترجمان نیب کے مطابق کرپشن ریفرنس احتساب عدالت کراچی میں دائر کیا گیا جو غیر قانونی تقرریوں سے متعلق ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شاہد خاقان عباسی نے شیخ عمران الحق کو غیر قانونی طور پر ایم ڈی پی ایس او تعینات کیا۔
ترجمان کے مطابق احتساب عدالت کراچی نے شاہد خاقان عباسی کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر رکھے ہیں جبکہ سابق سیکریٹری پیٹرولیم ارشد مرزا کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہو چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ شیخ عمران الحق اوریعقوب ستار کو 10 اپریل کو پیش ہونے کی ہدایت کر رکھی ہے۔
ترجمان نیب کا کہنا تھا کہ ایل این جی کیس میں شاہد خاقان عباسی, مقتاح اسماعیل اورشیخ عمران الحق کے خلاف پہلے بھی ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔