ٹائیگرفورس مقامی انتظامیہ کےساتھ مل کرکام کرے گی۔فائل فوٹو
ٹائیگرفورس مقامی انتظامیہ کےساتھ مل کرکام کرے گی۔فائل فوٹو

بین الصوبائی گڈز ٹرانسپورٹ پرعائد پابندی ختم

وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں کھانے پینے کی اشیا کی فراہمی یقینی بنانے کیلیے بین الصوبائی گڈز ٹرانسپورٹ پرعائد پابندی ختم کردی۔

قومی رابطہ کمیٹی اجلاس کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 2 ہفتے پہلے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کے بعد لاک ڈاﺅن کا آغازکیا، جب ہم لاک ڈاﺅن کر رہے ہیں تو سوچ سمجھ کر کرنا چاہیے، شروع سے خدشہ تھا کہ اگر ہم یکدم پانچویں گیئر میں چلے گئے اور مکمل لاک ڈاﺅن کردیا تو ہمارا کمزور طبقہ برباد ہوجائے گا، جب تک اس طبقے کیلیے اسٹرکچر ڈویلپ نہیں ہوتا تب تک مرحلہ وار اقدامات اٹھانے چاہئیں۔

وزیر اعظم نے بتایا کہ آج چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر نے مل کر فیصلہ کیا ہے کہ  گڈز ٹرانسپورٹ کو مکمل آزادی ہوگی، شروع میں گڈز ٹرانسپورٹ پر پابندی لگی تو کئی جگہوں پراشیا مہنگی ہوگئیں۔ ایک صوبے سے دوسرے صوبے میں جانے والی گڈز ٹرانسپورٹ پرکسی قسم کی پابندی نہیں ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ جو فیکٹریاں کھانے پینے کی اشیا بناتی ہیں ، وہ کام کرتی رہیں گی، اس کیلیے میکانزم بنارہے ہیں کہ وہ کس طرح کام کریں گے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ  پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی برقرار رہے گی۔