فاتحہ خوانی کی خصوصی محافل میں پارٹی رہنما،کارکنان شریک ہوں گے۔فائل فوٹو
فاتحہ خوانی کی خصوصی محافل میں پارٹی رہنما،کارکنان شریک ہوں گے۔فائل فوٹو

مسلم لیگ (ن) نے بھی“کرونا فنڈ” قائم کردیا

مسلم لیگ (ن) نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے “کرونا فنڈ” قائم کرتے ہوئے وسیع پیمانے پر فنڈ ریزنگ کا فیصلہ کیا ہے۔وڈیو لنک اجلاس احسن اقبال اور رانا ثناءاللہ کی زیر صدارت ہوا، اس میں فیصلہ کیا گیا کہ کرونا فنڈ میں پنجاب سے ہر سینیٹر اور رکن قومی اسمبلی سے فی کس ایک ایک لاکھ روپے، ارکان صوبائی اسمبلی، ضلعی صدورو جنرل سیکریٹریزسے فی کس 25، 25 ہزار روپے لیے جائیں گے۔

اجلاس میں کرونا کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ حکومت کے بروقت فیصلے نہ کرنے سے ملک خطرناک حالات کا شکار ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جہاں حفاظتی کٹس اوردیگر اشیا کی ضرورت ہو گی ن لیگ مہیا کرے گی، اس عزم کا اعادہ بھی کیا گیا کہ مسلم لیگ ن فلاحی کاموں میں برھ چڑھ کراپنا کردار ادا کرے گی۔

علاوہ ازیں ن لیگ کے صدر شہباز شریف کی زیرصدارت طبی ماہرین کا اجلاس ہوا۔ بعد ازاں اعلامیہ میں کہا گیا کہ اسپتالوں سے کرونا کے مریضوں کو الگ کیا جائے، شادی ہالز، مساجد، اسکولوں اور کالج کی عمارتوں کو قرنطینہ کے لیے استعمال کیا جائے، کرونا ٹیسٹنگ کو فوری طور پر مفت کیا جائے، سرحد پار سے آنے والوں کی فوری میپنگ کی جائے

شہباز شریف نے کہاکہ کرونا کا تمام ڈیٹا قوم کے سامنے لایا جائے، حقائق چھپانا مسائل کا حل نہیں، کرونا مریضوں کا ہمدردی اور غم گساری سے علاج کیا جائے، تمام ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے کے لئے لائف اینڈ ہیلتھ انشورنس پلان شروع کیا جائے۔

دریں اثنا شہباز شریف نے ماڈل ٹاﺅن میں نیشنل ہیلتھ ٹاسک فورس کے ویڈیو اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم طبی ماہرین کی طرف دیکھ رہی ہے جو کرونا کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن سولجرز ہیں، ہم طبی عملے اوران کی معاونت کرنے والے مسلح افواج، رینجرز، پولیس اور دیگر عملے کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں، اس وقت تفریق، تقسیم کی نہیں قوم کو جمع کرنے کی ضرورت ہے۔

شہبازشریف نے مزید کہا ہے کہ حکومت معیشت سنبھالنے میں ناکام ہوچکی ہے، حکومتی پالیسی سے بحران کی زد میں آئے غریب عوام پر معاشی بوجھ مزید بڑھ جائے گا، شرح سود کم سے کم 9 فیصد تک کی جائے۔

مزید برآں شہباز شریف نے چین کے صدر اور وزیر اعظم کو خطوط لکھے ہیں جس میں شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پاکستانی قوم کا چین کیساتھ جذباتی لگائو ہے، مشکل گھڑی میں چین نے مدد کرکے ثابت کیا کہ ہم مضبوط دوستی کے بندھن میں بندھے ہیں۔