پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ معاشرے کے کسی بھی طبقے کو وبا کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے آج نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکی خصوصی بریفنگ میں شرکت کی جس میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر اسد عمر، وزیرداخلہ اعجاز شاہ اور دیگر وفاقی وزار بھی شریک ہوئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بریفنگ میں کرونا وائرس کی وبا کو روکنے کے لیے اقدامات کی تفصیلات بتائی گئی اور سول انتظامیہ کی مدد کیلیے تعینات فوجی دستوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر آرمی چیف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں ، معاشرے کے کسی بھی طبقے کو وبا کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔
انہوں نے کہا کہ فوجی دستے مشکلات کا شکار عوام کیلیے آسانیاں پیدا کریں، قومی اجتماعی کوششوں سے تمام مسائل کو خطرہ بننے سے پہلے حل کر لیں گے ۔
ان کا کہنا تھا کہ منصوبے کے تحت تمام اقدامات پر عمل درآمد سے معاشرے کی بہتری کیلیے کام کر سکیں گے، ہمیں بلا تفریق رنگ نسل ایک قوم کی طرح مقابلہ کرنا ہوگا۔